سہ ملکی سیریز :اہم میچ میں زمبابوے کی ڈک ورتھ لوئس کے تحت فتح

میزبان ٹیم نے ویسٹ انڈیز کو 5رنز سے شکست دیکر سیریز کے فائنل کیلئے کوالیفائی کرلیا سری لنکااور زمبابوے کے درمیان فائنل آج بلاوایو میں کھیلا جائے گا

ہفتہ 26 نومبر 2016 21:52

سہ ملکی سیریز :اہم میچ میں زمبابوے کی ڈک ورتھ لوئس کے تحت فتح
بلاوایو (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 26 نومبر2016ء)زمبابوے نے ویسٹ انڈیز کو تین ملکی سیریز کے ایک اہم میچ میں ڈک ورتھ لوئس اصول کے تحت 5 رنز سے شکست دے کر فائنل میں جگہ بنالی۔بلاوایوکے کوئنز اسپورٹس کلب میں زمبابوے نے ٹاس جیت کر پہلے خود بیٹنگ کا فیصلہ کیا جو موثر ثابت نہیں ہوا تاہم بارش نے فتح ان کی جھولی میں ڈال دی۔زمبابوے نے سکندر رضا کی 76 رنز کی اننگز کی بدولت 8 وکٹوں کے نقصان پر 218 رنز بنائے۔

چیسارو 42، مساکاڈزا 20 اور چیری 19 رنز بنا کر نمایاں رہے۔ویسٹ انڈیز کی جانب سے دیویندرا بشو اور ایشلے نرس نے 3،3 وکٹیں حاصل کیں۔ایک آسان ہدف کے تعاقب میں تجربہ ویسٹ انڈیز ٹیم کا آغاز بھی مایوس کن تھا اور ابتدائی تین بلیباز صرف 35 رنز پر پویلین لوٹ چکے تھے۔

(جاری ہے)

جانسن چارلس صفر پر آؤٹ ہوئے تو ویسٹ انڈیز کا اسکور صرف ایک رن تھا جس کے بعد 12 کے اسکور پر ایون لیوس 9 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے اور ہوپ 14 رنز بنا سکے۔

کریگ بریتھویٹ نے 24 رنز بنا کر ٹیم کا اسکور 70 رنز تک پہنچایا ان کے بعد کارٹر نے وکٹ سنبھالی اور زمبابوے کے خلاف مزاحمت جاری رکھی اور 28 ویں اوور پر اسکور کو 124 رنز تک پہنچایا تھا کہ بارش نے رہی سہی کسر بھی پوری کردی۔بلاوایو میں شدید بارش کے باعث میچ کو فوری طورپر روک دیا گیا جو دوبارہ شروع نہیں ہوسکا جس کیبعد ڈک ورتھ لوئس اصول کے تحت میزبان زمبابوے کو 5 رنز سے کامیاب قرار دیا گیا۔ویسٹ انڈیز کے کارٹر نے آؤٹ ہوئے بغیر 43 اور جیسن ہولڈر نے 22 رنز بنائے۔زمبابوے کے ٹینڈائی چیسورو کو دو اہم وکٹیں حاصل کرنے پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔سری لنکااور زمبابوے کیدرمیان سہ فریقی سیریز کا فائنل 27 نومبر کو بلاوایو میں کھیلا جائے گا۔۔
وقت اشاعت : 26/11/2016 - 21:52:34