بہاول پور ،تیسرا ٹی-20 بلائنڈ کرکٹ پریمئر لیگ کا فائنل میچ

بہاول پور فلکن ٹیم نے 34 رنز سے جیت لیا

ہفتہ 26 نومبر 2016 22:33

بہاول پور ،تیسرا ٹی-20 بلائنڈ کرکٹ پریمئر لیگ کا فائنل میچ
بہاول پور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 26 نومبر2016ء) تیسرا ٹی-20 بلائنڈ کرکٹ پریمئر لیگ کا فائنل میچ بہاول پور فیلکن بلائنڈ کرکٹ ٹیم اورپشاورپینتھر کے مابین ڈرنگ اسٹیڈیم میں کھیلا گیا جو کہ بہاول پور فلکن ٹیم نے 34 رنز سے جیت لیا۔ بہاول پور فلکن بلائنڈ کرکٹ ٹیم نے مقررہ بیس اوورز میں6 کھلاڑیوں کے نقصان پر250 رنز بنائے جبکہ پشاور پینتھر بلائنڈ کرکٹ ٹیم مقررہ اوورز میں5 وکٹ کے نقصان پر216 رنز بنا سکی۔

بہاول پور فلکن ٹیم کے بدر منیر نی77 رنز بنائے اور مین آف دی میچ قرار پائے۔ تقریب میں صدر ورلڈ بلائنڈ کرکٹ کونسل و چیئرمین پاکستان بلائنڈ کرکٹ کونسل سید سلطان شاہ، ریجنل منیجر فوجی فرٹیلائزر کمپنی ظہور احمد خاں، ڈائریکٹر مارکیٹنگ پی بی سی سی سید سلمان طارق بخاری، سینئر سوشل ویلفیئر آفیسر غلام یسین بلوچ، ڈی او سپیشل ایجوکیشن شازی حشمت، ڈویژنل سپورٹس آفیسر سید متین احمد، ڈی او سپورٹس مقصود الحسن جاوید، تحصیل سپورٹس آفیسر فواد انور، فیصل چغتائی، اسامہ ، مزمل، محمد وقاص عمران، ڈائریکٹر آپریشن پی بی سی سی بلال ستی، بلائنڈ کرکٹ ایسوسی ایشن کے عہدے داران اور بلائنڈ کرکٹر موجود تھے۔

(جاری ہے)

تقریب سے ورلڈ بلائنڈ کرکٹ کونسل و چیئرمین پاکستان بلائنڈ کرکٹ کونسل سید سلطان شاہ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بلائنڈ کرکٹر اپنے کھیل اور فزیکل فٹنس پر بھرپور توجہ دیں۔ انہوں نے کہا کہ کھیل میں پریشر کو برداشت کرنا سیکھیں اور نہایت ذمہ داری کے ساتھ میدان میں اپنا کھیل پیش کریں۔ انہوں نے توقع ظاہر کی پاکستان کرکٹ بلائنڈ کرکٹ ٹیم آئندہ ورلڈ کپ جیت کر آئے گی۔

انہوں نے شاندار پریمیئرلیگ کے انعقاد اور خوبصورت کھیل پیش کرنے پر کھلاڑیوں اور منتظمین کی تعریف کی۔ریجنل منیجر ایف ایف سی ظہور احمد خان نے خوبصورت پاکستان ٹی -20 بلائنڈ کرکٹ پریمئر لیگ کے انعقاد پر مسرت کا اظہار پرمسرت کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ کھلاڑیوں نے شاندار کھیل اور نظم و ضبط کا مظاہرہ کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کھیل میں ہار اور جیت لازمی ہے۔

انہوں نے ونر اور رنر اپ ٹیموں کے کھلاڑیوں کو مبارک بادپیش کی۔ تقریب تقسیم انعامات سے ڈویژنل سپورٹس آفیسر سید متین احمد ، ڈائریکٹر مارکیٹنگ و صدر بہاول پور بلائنڈ کرکٹ کونسل سید سلمان طارق بخاری نے بھی خطاب کیا۔ انہوں نے بہترین کھیل ، کھلاڑیوں کے جوش و جذبہ ، نظم و ضبط اور سپورٹس مین سپرٹ کا مظاہرہ کرنے پر مبارک باد پیش کی۔ بعدازاں بہاول پور فلکن بلائنڈ کرکٹ ٹیم کو ونر ٹرافی اور40ہزار روپے کیش پرائز جبکہ رنر اپ پشاور پینتھر کو ٹرافی اور 20 ہزار روپے کیش پرائز دیا گیا۔ تقریب میں تمام میچز میں شاندار کھیل کا مظاہرہ کرنے پر میچ آف دی میچ کیش پرائز بھی دیا گیا۔
وقت اشاعت : 26/11/2016 - 22:33:27

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :

متعلقہ عنوان :