محمدحفیظ کا بائولنگ ایکشن قانونی قرار، انٹرنیشنل کرکٹ میں دوبارہ بائولنگ کرانے کے اہل ہو گئے

ایکشن کلیئر ہونے پر خوش ہوں، ٹیم کو جب بھی ضرورت ہوئی تو اسے میری خدمات دستیاب ہوں گی، سابق کپتان

بدھ 30 نومبر 2016 22:25

محمدحفیظ کا بائولنگ ایکشن قانونی قرار، انٹرنیشنل کرکٹ میں دوبارہ بائولنگ کرانے کے اہل ہو گئے
دبئی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 30 نومبر2016ء) انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے مایہ ناز پاکستانی آل رائونڈر محمد حفیظ کے بائولنگ ایکشن کو قانونی قرار دیتے ہوئے انہیں دوبارہ انٹرنیشنل کرکٹ میں بائولنگ کرانے کی اجازت دے دی۔ گزشتہ سال سری لنکا کے خلاف گال ٹیسٹ میں حفیظ کے بائولنگ ایکشن کو رپورٹ کیا گیا تھا، دو برس کے دوران دوسری بار ایکشن رپورٹ ہونے کی وجہ سے آئی سی سی نے پاکستانی آل رائونڈر کو ایک سال کیلئے معطل کر دیا تھا، حفیظ نے 17 نومبر کو برسبین، آسٹریلیا میں قائم آئی سی سی ایکریڈیٹڈ سینٹر میں نئے بائولنگ ایکشن کے ساتھ ٹیسٹ دیا تھا۔

بدھ کو آئی سی سی کی طرف سے جاری کردہ بیان کے مطابق حفیظ کی تمام ڈلیوریز درست قرار پائی ہیں جس کی وجہ سے ان کے ایکشن کو کلیئر کر دیا گیا ہے اور اب وہ دوبارہ انٹرنیشنل کرکٹ میں بائولنگ کرانے کے اہل ہو گئے ہیں۔

(جاری ہے)

آئی سی سی کا کہنا ہے کہ مستقبل میں بھی اگر ایمپائرز کو حفیظ کے ایکشن پر اعتراض ہوا تو وہ اسے رپورٹ کرنے کیلئے آزاد ہوں گے۔

حفیظ نے ایکشن کلیئر ہو نے پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ قومی ٹیم میں شامل کرنا پی سی بی اور سلیکشن کمیٹی کا کام ہے جب بھی موقع دیا گیا تو ملک کی خدمات کیلئے دستیاب ہوں گا۔ واضح رہے کہ ابتدائی طور پر نومبر 2014ء میں حفیظ کے ایکشن کو غیرقانونی قرار دیا گیا تھا لیکن ٹیسٹ کلیئر کرانے کے بعد انہیں اپریل 2015ء میں دوبارہ انٹرنیشنل کرکٹ میں بائولنگ کرانے کی اجازت دی گئی تھی تاہم دو ماہ بعد ہی سری لنکا کے خلاف گال ٹیسٹ میں ایمپائرز نے دوبارہ ان کے ایکشن کو رپورٹ کیا اور دو سال کے اندر دوسری بار ایکشن رپورٹ ہونے کی وجہ سے انہیں بارہ ماہ کی معطلی کا سامنا کرنا پڑا تھا۔
وقت اشاعت : 30/11/2016 - 22:25:43

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :

متعلقہ عنوان :