ڈھاکہ ڈائنامائٹس نے بنگلہ دیش پریمیئر لیگ کا ٹائٹل جیت لیا

ڈھاکہ نے فیصلہ کن معرکے میں راجشاہی کنگز کو 56 رنز سے شکست دی، سنگاکارا میچ اور تمیم اقبال ٹورنامنٹ کے بہترین کھلاڑی قرار پائے

جمعہ 9 دسمبر 2016 23:40

ڈھاکہ ڈائنامائٹس نے بنگلہ دیش پریمیئر لیگ کا ٹائٹل جیت لیا
میرپور ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 09 دسمبر2016ء) ڈھاکہ ڈائنامائٹس نے بنگلہ دیش پریمیئر لیگ (بی پی ایل) کا ٹائٹل جیت لیا، فاتح ٹیم نے فیصلہ کن معرکے میں راجشاہی کنگز کو 56 رنز سے شکست دے کر ٹائٹل جیتنے کا اعزاز حاصل کیا، کنگز کی ٹیم 159 رنز کے ہدف کے تعاقب میں 18ویں اوور میں 103 رنز پر ڈھیر ہو گئی، ڈھاکہ کے بائولرز کی عمدہ بائولنگ کے سامنے کنگز کے بلے باز جم کر نہ کھیل سکے صرف تین کھلاڑی دوہرا ہندسہ عبور کر سکے۔

کمارسنگاکارا میچ اور تمیم اقبال ٹورنامنٹ کے بہترین کھلاڑی قرار پائے۔ جمعہ کو شیر بنگلہ نیشنل سٹیڈیم میرپور میں کھیلے گئے فائنل میں راجشاہی کنگز کے کپتان ڈیرن سیمی نے ٹاس جیت کر پہلے ڈھاکہ کو بیٹنگ کی دعوت دی تو یہ فیصلہ ان کیلئے مہنگا ثابت ہوا، ڈھاکہ ڈائنامائٹس نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 159 رنز کا مجموعہ تشکیل دیا، ایون لیوس 45 اور کمار سنگاکارا 36 رنز بنا کر نمایاں رہے، مہدی معروف 8، ناصرحسین اور مصدق حسین 5، 5 ڈیوائن براوو 13، آندرے رسل 8، کپتان شکیب الحسن 12 اور علائوالدین ایک رن بنا کر آئوٹ ہوئے، سنزامل اسلام 12 رنز بنا کر ناٹ آئوٹ رہے، فرحاد رضا نے 3 جبکہ کیسرک ولیمز، مہدی حسن میراز، عارف حسین، ڈیرن سیمی اور سامت پٹیل نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔

(جاری ہے)

جواب میں راجشاہی کنگز کی ٹیم مطلوبہ ہدف حاصل کرنے میں ناکام رہی اور پوری ٹیم 17.4 اوورز میں 103 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئی، کنگز کا کوئی بھی بلے باز ڈھاکہ کے بائولرز کا ڈٹ کر مقابلہ نہ کر سکا، 7 کھلاڑی دوہرا ہندسہ عبور کرنے میں ناکام رہے، مومن الحق 27، صابررحمان 26 اور سامت پٹیل 17 رنز بنا کر نمایاں رہے، نورالحسن اور جیمز فرینکلن 5، 5، کپتان ڈیرن سیمی 6، مہدی حسن ایک، فرحاد رضا 2 اور نظم الاسلام ایک رن بنا کر آئوٹ ہوئے، ابوجاوید، شکیب الحسن اور سنزامل اسلام نے دو، دو جبکہ آندرے رسل اور ڈیوائن براوو نے ایک، ویک وکٹ حاصل کی۔
وقت اشاعت : 09/12/2016 - 23:40:44

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :

متعلقہ عنوان :