برسبین میں پاکستانی ٹیم اسمتھ پر مہربان

پہلے اظہر علی کی گیند پر سرفراز کیچ لینے میں ناکام رہے پھر عامر کی گیند پر کلیئر سرفراز کے ہاتھوں کیچ ہوئے تو کسی پاکستانی کھلاڑی نے اپیل کرنا گوار ہ نہیں کیا اور موقع گنوا دیا

جمعرات 15 دسمبر 2016 23:11

برسبین میں پاکستانی ٹیم اسمتھ پر مہربان
برسبین (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 15 دسمبر2016ء)آسٹریلین کپتان اسٹیون اسمتھ نے پاکستان کے خلاف پہلے ٹیسٹ میچ میں سنچری اسکور کر کے اپنی ٹیم کو کیپٹن اننگز کی بدولت مضبوط مقام تک پہنچا دیا ہے لیکن اس اننگز کے دوران قسمت نے بھی ان کا بھرپور ساتھ دیا۔اسٹیون اسمتھ برسبین میں دن کے آغاز کے ساتھ ہی خوش قسمت رہے اور پانچ ٹیسٹ میچز کے بعد ٹاس جیتنے میں کامیاب رہے دوسرے سیشن کے اختتام پر پاکستان نے ایک ایسی غلطی کی جس کا انہیں کافی بھاری خمیازہ اٹھانا پڑا۔

ڈنر کے وقفے سے چند گیندوں قبل اظہر علی کی گیند پر سرفراز احمد اسمتھ کا کیچ لینے میں ناکام رہے جبکہ وہ 53 رنز پر بیٹنگ کر رہے تھے۔ اس دوران محمد عامر زخمی ہو کر میدان سے باہر چلے گئے لیکن کچھ دیر بعد ہی ان کی میدان میں واپسی کے بعد کپتان مصباح الحق نے سکھ کا سانس لیا۔

(جاری ہے)

صرف یہی نہیں بلکہ اسمتھ کی سنچری سے چند لمحے پہلے پاکستان کو نئی گیند ملی اور چوتھی گیند پر ہی 97 رنز پر کھیلنے والے اسمتھ عامر کی باؤلنگ نہ سمجھ سکے اور گیند ان کے بیٹ کا باہری کنارہ لیتے ہوئی سرفراز کے ہاتھ میں محفوظ ہو گئی لیکن حیران کن طور پر عامر سمیت کسی بھی پاکستانی کھلاڑی نے اپیل نہ کی اور آسٹریلین کپتان کو نروس نائنٹیز کا شکار کرنے کا نادر موقع گنوا دیا۔

اسمتھ نے اس کا بھرپور فائدہ اٹھایا اور جب پہلے دن کا کھیل ختم ہوا تو وہ 110 رنز پر ناقابل شکست تھے۔۔
وقت اشاعت : 15/12/2016 - 23:11:53