اسد شفیق کی شاندار اننگز نے انہیں6ریکارڈز کا مالک بنا دیا

پیر 19 دسمبر 2016 23:34

اسد شفیق کی شاندار اننگز نے انہیں6ریکارڈز کا مالک بنا دیا

برسبین (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 19 دسمبر2016ء)پاکستان کرکٹ ٹیم کے مڈل آرڈر بیٹسمین اسدشفیق نے 13 چوکوں اور ایک چھکے کی مددسے 137رنزکی شاندار اننگز کھیل کر پاکستان کوبرسبین ٹیسٹ کی آخری اننگزمیں450رنزکا ریکارڈ مجموعہ دلانے میں کلیدی کردار اداکیا۔اس ایک اننگز نے انہیں کئی اعزازات کا مالک بنادیا۔وہ برسبین کرکٹ گراؤنڈپر سب سے بڑی اننگزکھیلنے والے بیٹسمین بن گئے ،اس سے قبل یہ اعزاز مشترکہ طورپر سنیل گواسکر اور شیرون کیمبل کے نام تھاجنہوں نے 113،113رنزکی اننگز کھیلی تھیں۔

اس کے ساتھ ساتھ وہ ہدف کے تعاقب میں چھٹے یا اس سے نچلے نمبروں پر سب سے بڑی اننگزکھیلنے والے پاکستانی بلے باز بن گئے ،اس سے قبل یہ ریکارڈ آصف اقبال کے نام تھا جنہوں نے 1977ء میں ویسٹ انڈیزکیخلاف کنگسٹن کے مقام پر 135رنز کی اننگز کھیلی تھی۔

(جاری ہے)

اسدشفیق ٹیسٹ کرکٹ میں چھٹے نمبرپر سب سے زیادہ9سنچریوں کے مالک بن گئے ،اس سے قبل یہ ریکارڈویسٹ انڈیزکے عظیم بلے باز گیری سوبرزکے نام تھا ۔

وہ 137رنزکی اننگز کھیل کر حنیف محمد اور اعجازاحمد کے بعدمحض تیسرے پاکستانی بلے باز ہیں جنہیں آسٹریلوی سرزمین پر پہلے ہی ٹیسٹ میں سنچری بنانے کا اعزاز حاصل ہوا ۔مڈل آرڈر بیٹسمین سعیدانورکے بعد محض دوسرے پاکستانی بلے باز ہیں جنہیں آسٹریلیا،انگلینڈاور جنوبی افریقہ جیسے تینوں ممالک میں سنچریاں سکور کرنے کا اعزاز حاصل ہوا ہے ۔ اسد شفیق ایشیاء سے باہر کھیلے گئے کسی بھی ٹیسٹ میچ کی چوتھی اننگزمیں سب سے بڑاانفرادی سکوربنانے والے پاکستانی بلے باز بن گئے ہیں۔

وقت اشاعت : 19/12/2016 - 23:34:39