کینگروز کے خلاف سیریز میں عمدہ پرفارم کر کے سلیکشن کو درست ثابت کرنے کیلئے بے تاب ہوں، جنیدخان

منگل 10 جنوری 2017 22:50

کینگروز کے خلاف سیریز میں عمدہ پرفارم کر کے سلیکشن کو درست ثابت کرنے کیلئے بے تاب ہوں، جنیدخان
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 10 جنوری2017ء) قومی ٹیم کے لیفٹ آرم فاسٹ بائولر جنیدخان نے سکواڈ میں واپسی پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ آسٹریلیا کے خلاف ون ڈے سیریز میں عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کر کے اپنی سلیکشن کو درست ثابت کرنے کیلئے بے تاب ہوں، جنید کی قریباً 18 ماہ بعد دوبارہ ٹیم میں واپسی ہوئی ہے، پاکستان نے فاسٹ بائولر محمدعرفان کی جگہ کینگروز کے خلاف ون ڈے سکواڈ میں جنید کو طلب کیا ہے، عرفان والدہ کی وفات کے باعث واپس وطن لوٹ آئے تھے، جنید نے آخری بار جون 2015ء میں گرین شرٹس کی نمائندگی کی تھی۔

اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ طویل عرصے بعد ٹیم میں دوبارہ واپسی بڑی کامیابی ہے، کینگروز کے خلاف سیریز میں اپنی فارم اور فٹنس کو ثابت کرنے کا بہترین موقع ہے اور میں اسے ضائع نہیں کروں گا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ آسٹریلیا کی وکٹیں مختلف ہیں تاہم میں چیلنج سے نمٹنے کیلئے تیار ہوں اور ٹیم کو فتوحات دلانے کیلئے میچ وننگ پرفارمنس دکھانے کیلئے سرتوڑ کوشش کروں گا۔ انہوں نے کہا کہ کینگروز ہوم گرائونڈ پر خطرناک حریف ہے، کامیابی کیلئے کسی ایک کھلاڑی پر انحصار نہیں کر سکتے بلکہ ٹیم کے ہر کھلاڑی کو تینوں شعبوں میں سو فیصد کارکردگی دکھانا ہو گی۔ پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان ون ڈے سیریز کا آغاز 13 جنوری سے ہو گا۔
وقت اشاعت : 10/01/2017 - 22:50:06