شیونارائن چندرپال اور ان کے بیٹے تیج نارائن نے 86سال پرانا ریکارڈ برابر کردیا

بدھ 15 مارچ 2017 14:27

شیونارائن چندرپال اور ان کے بیٹے تیج نارائن نے 86سال پرانا ریکارڈ برابر کردیا
جمیکا(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار15مارچ ۔2017ئ)ویسٹ انڈیز کرکٹ ٹیم کے مشہورسابق بلے باز شیونرائن چندرپال اور ان کے 20 سالہ بیٹے تیج نارائن نے فرسٹ کلاس میچ میں نصف سنچریاں بنا کر 86سال پرانا ریکارڈ برابر کردیا ۔تفصیلات کے مطابق 42سالہ شیونرائن چندرپال اور ان کے بیٹے نے اپنے آبائی ریاست گیانا کی نمائندگی کرتے ہوئے جمیکا کے خلاف نصف سنچریاں بنائیں جو چندرپال کی فرسٹ کلاس کرکٹ میں 136ویں نصف سنچری تھی۔

تیج نارائن چندرپال نے کھیل کے دوسرے روز اپنے والد سے چند لمحے قبل نصف سنچری مکمل تھی،شیونرائن چندرپال نے ویسٹ انڈیز کے لیے کئی فتوحات دلائیں اور ٹیسٹ کرکٹ میں اپنے ملک کےلئے سب سے زیادہ رنز بنانے والے دوسرے بلے باز ہیں جبکہ ان کے بیٹے نے 2013 میں فرسٹ کلاس کرکٹ میں ڈیبیو کیا ہے،نوجوان تیج نارائن نے ویسٹ انڈیز کی انڈر 19 ٹیم کی کپتانی کے فرائض بھی سرانجام دیے ہیں اور یہ ان کا 16 واں فرسٹ کلاس میچ ہے ،وہ گیانا کےلئے اب تک 3 نصف سنچریاں بناچکے ہیں۔

(جاری ہے)

خیال رہے کہ 1931 ءمیں انگلش کاﺅنٹی کے لیے کھیلنے والے جارج گن اور ان کے بیٹے جارج ورنن نے ایک فرسٹ کلاس میچ میں سنچریاں بنائی تھیں جو کرکٹ کی تاریخ کا پہلا واقعہ تھا،کرکٹ کی تاریخ میں تاحال بین الاقوامی سطح پر کوئی ایسا واقعہ پیش نہیں آیا جہاں باپ اور بیٹے نے ایک ہی ٹیم کی نمائندگی کی ہو تاہم فرسٹ کلاس سطح پر چند ایسے واقعات ضرور ہیں۔

وقت اشاعت : 15/03/2017 - 14:27:35