دوسرا ون ڈے ، پاکستان نے ویسٹ انڈیز کو 74رنز سے ہرا دیا

پیر 10 اپریل 2017 02:10

دوسرا ون ڈے ، پاکستان نے ویسٹ انڈیز کو 74رنز سے ہرا دیا
گیانا(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار9اپریل ۔2017ئ)ویسٹ انڈیز کے خلاف دوسرے ون ڈے میچ میں پاکستان نے میزبان ٹیم کو74رنز سے شکست دیکر سیریز ایک ، ایک سے برابر کردی۔گیانا کے پروویڈنس اسٹیڈیم میں کھیلے جارہے میچ میں 283رنز کے ہدف کے تعاقب میں این لوئیس اور چیڈوک والٹن نے اننگز کا آغاز کیا اوردونوں بلے بازوں نے جارحانہ کھیلنے کی کوشش کی ہی تھی کہ 22 کے مجموعی سکور پر والٹن 13 رنز بنا کر محمد عامر کی گیند پر ایل بی ڈبلیو آﺅٹ ہوگئے جس کے بعد لیوس بھی 10 رنز بنانے کے بعد پویلین لوٹ گئے۔

شائی ہوپ 15، کیرن پوویل 11 اور جیسن محمد ایک رنز بنا کر آﺅٹ ہوئے۔ میزبان ٹیم کے کپتان جیسن ہولڈر 68 رنز کے ساتھ نمایاں بلے باز رہے جب کہ دیگر کھلاڑیوں میں ایشلے نرس 44، دیوندرا بشو16 اور الزیری جوزیف 15 رنز بنا کر آﺅٹ ہوئے۔

(جاری ہے)

گرین شرٹس کی جانب سے حسن علی نے 5، محمد حفیظ 2، محمد عامر، شاداب خان اور جنید خان نے 1،1 وکٹ حاصل کی۔اس سے قبل ویسٹ انڈیز نے پاکستان کو بیٹنگ کی دعوت دی تو پاکستانی اوپنرز ابتدا سے ہی مشکلات سے دوچار نظر آئے اور رنز بنانے میں انہیں مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔

کریز پر مستقل جدوجہد سے دوچار احمد شہزاد5 رنز بنا کر پویلین لوٹے تو نئے بلے باز بابر اعظم اور کامران اکمل نے سکور کو 44 تک پہنچا دیا، دونوں کھلاڑی وکٹ پر سیٹ نظر آرہے تھے کہ کامران اکمل اپنے ساتھی اوپنر کی طرح لیگ کی جانب جاتی گیند کو چھیڑنے کی پاداش میں پویلین لوٹ گئے۔اس مشکل مرحلے پر محمد حفیظ وکٹ پر آئے اور بابر کے ساتھ تیسری وکٹ کیلئے 69 رنز جوڑ کر ابتدائی نقصان کا ازالہ کرنے کی کوشش کی لیکن حفیظ ایک مرتبہ پھر 50 گیندوں پر محیط 32 رنز کی سست رفتار باری کھیلنے کے بعد آﺅٹ ہوئے، شعیب ملک کی اننگز بھی نو رنز پر تمام ہوئی۔

کپتان سرفراز احمد نے رنز بنانے کی رفتار میں اضافہ کیا اور 55 رنز کی ساجھے داری قائم کر کے ایک بڑے سکور کی موہوم سی امید پیدا کی لیکن وہ بھی 25 رنز بنانے بعد حریف کپتان کو کیچ دے کر بابر کو داغ مفارقت دے گئے۔اس موقع پر پاکستانی ٹیم مشکلات سے دوچار نظر آتی تھی اور ایسا محسوس ہوتا تھا کہ شاید گرین شرٹس 250 رنز کا مجموعہ بھی حاصل نہ کر سکیں،عماد وسیم وکٹ پر بابر اعظم کا ساتھ نبھانے پہنچے تو شروع میں انہیں مشکلات کا سامنا کرنا پڑا لیکن پھر انہوں نے اپنے ساتھی کا ساتھ نبھاتے ہوئے ایک شاندار شراکت قائم کی۔

بابر اعظم نے کیریئر کے 25ویں ون ڈے میچ میں پانچویں سنچری بنا کر ایک مرتبہ اپنی صلاحیتوں کا بھرپور انداز میں اظہار کیا۔پاکستان نے اختتامی 5 اوورز میں دونوں کھلاڑیوں کی جارحانہ بیٹنگ کی بدولت 62 رنز سمیت 99 رنز کی ناقابل شکست شراکت قائم کر کے 282 رنز کا قابل قدر مجموعہ سکور بورڈ پر سجایا۔بابر اعظم نے تین چھکوں اور سات چوکوں کی مدد سے کیریئر ی بہترین 125 رنز کی ناقابل شکست انگز کھیلی جبکہ عماد نے دو چھکوں اور دو چوکوں کی مدد سے 43 رنز بنائے۔

اس سے قبل ویسٹ انڈیز نے پاکستان کے خلاف دوسرے ایک روزہ میچ میں ٹاس جیت کر ایک مرتبہ پھر مہمان ٹیم کو بیٹنگ کی دعوت دی۔پاکستان نے میچ کیلئے ٹیم میں ایک تبدیلی کرتے ہوئے وہاب ریاض کی جگہ جنید خان کو ٹیم کا حصہ بنایا ہے جبکہ ویسٹ انڈیز نے ٹیم میں کوئی تبدیلی نہیں کی۔یاد رہے کہ سیریز کے پہلے ون ڈے میچ میں ویسٹ انڈیز نے ایشلے نرس اور جیسن محمد کی عمدہ کارکردگی کی بدولت پاکستان کےخلاف 309 رنز کا ریکارڈ ہدف حاصل کر کے سیریز میں برتری حاصل کی تھی۔
وقت اشاعت : 10/04/2017 - 02:10:22