چوہدری ولایت مسٹر وجونیئرمسٹرپاکستان اور یحییٰ کلاسک باڈی بلڈنگ چیمپیئن شپ 13تا 15اپریل کو منعقدہوگی

پیر 10 اپریل 2017 20:22

چوہدری ولایت مسٹر وجونیئرمسٹرپاکستان اور یحییٰ کلاسک باڈی بلڈنگ چیمپیئن شپ 13تا 15اپریل کو منعقدہوگی
راولپنڈی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 10 اپریل2017ء)راولپنڈی زون باڈی بلڈنگ ایسوسی ایشن کے زیراہتمام 14لاکھ روپے انعامی رقم کی حامل چوہدری ولایت مسٹر وجونیئرمسٹرپاکستان اور یحییٰ کلاسک باڈی بلڈنگ چیمپیئن شپ 13تا 15اپریل پاک چائنہ فرینڈشپ سنٹر اسلام آباد میں منعقدہوگی۔ چیمپیئن شپ میں 14مختلف کیٹگریز کے مقابلے شامل ہونگے۔ یحییٰ کلاسک میں پہلاانعام 5لاکھ روپے، مسٹرپاکستان کاپہلاانعام 2لاکھ روپے، مسٹرپاکستان مینز فزیک کاپہلاانعام 50ہزار روپے جبکہ ہر کیٹگری کاپہلاانعام 15ہزار روپے رکھاگیاہے۔

راولپنڈی اسلام آباد کی تاریخ میں پہلی مرتبہ منعقد ہونے والے باڈی بلڈنگ کے گرینڈایونٹ چوہدری ولایت مسٹر اینڈ جونیئر مسٹر پاکستان کے مقابلوں کے انعقاد سے باڈی بلڈنگ کے کھیل فروغ ملے گا اور نوجوانوں کو غیر صحتمندانہ سرگرمیوں سے دور رکھنے میں مدد ملے گی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا پاکستان بھر سے مختلف اداروں کی ٹیمیں ان مقابلوں میں حصہ لیں گی۔

ایونٹ کامقصد لوگوں کو اصل باڈی بلڈنگ سے آگاہ کرنا اور ادویات کے استعمال کی نفی کرناہے۔ انہوں نے کہا کہ مختلف کھیلوں میں نمایاں مقام اور نام رکھنے والی خواتین کھلاڑی ان مقابلوں سے پہلے خواتین کی صحت کے حوالے سے کھیلوں کیا اہمیت کے بارے میں لیکچر دیں گی اور اس موقع پر مختلف سکٹس کے ذریعے باڈی بلڈنگ اور دیگر کھیلوں کی اہمیت و افادیت کو حاضرین کے سامنے پیش کیا جائے گا۔

ان خیالات کا اظہار سابق مسٹرایشیائ وپنجاب باڈی بلڈنگ ایسوسی ایشن کے صدر یحییٰ بٹ نے جنرل سیکرٹڑی محمدنعیم اختر،جنرل سیکرٹری راولپنڈی زون و چیف آرگنائزر چیمپئن شپ ڈاکٹرنبیل احمد، گولڈمیڈلسٹ ایشیائ محمد حلیم بٹ اور محمد سہیل ڈارکے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا۔یحییٰ بٹ نے کہا کہ پیٹرن باڈی بلڈنگ فیڈریشن بیرسٹردانیال چوہدری اس مقابلے کے چیف کوآرڈینٹر ہیں جبکہ سینیٹر چوہدری تنویر خان ان مقابلوں کے موقع پر مہمان خصوصی ہوں گے۔

انہوں نے بتایا کہ پاکستان کی تاریخ میں پہلی مرتبہ ہونے والے ڈرگ فری باڈی بلڈنگ مقابلوں کاانعقاد کیپیٹل سٹی اسلام آباد میں کیا گیا ہے جس کامقصد عوام خصوصا نوجوانوں میں اس کھیل کے بارے میں دلچسپی پیدا کرنا اور اس کی اہمیت سے آگاہ کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بڑے شہر میں مقابلے کے انعقاد سے نہ صرف ایسے نوجوانوں کو باڈی بلڈنگ کے کھیل کو اپنانے کا شوق پیدا ہو گا جو صرف اس کھیل کو اپنا شوق بنا کر فٹ رہنے کیلئے باڈی بلڈنگ کرتے ہیں بلکہ ایسے نوجوانوں کی تعداد میں بے پناہ اضافہ ہو گا جو ایسے مقابلوں کیلئے اپنے آپکوتیار کریں گے جن سے نہ صرف ان کا بلکہ انکے ملک کانام بھی ر و شن ہو گا۔

چیف آرگنائزر ڈاکٹرنبیل نے بتایا کہ چیمپیئن شپ میں یحییٰ کلاسک کیٹگری میں پہلا انعام 5لاکھ، دوسراانعام ڈیڑھ لاکھ ، تیسراانعام 75ہزار اورچوتھاانعام 50ہزار روپے ہوگا۔ مسٹرپاکستان کیٹگری میں پہلاانعام 2لاکھ، دوسراانعام ایک لاکھ روپے ہوگا، مسٹرپاکستان مینز فزیک میں پہلاانعام 50ہزار اوردوسراانعام 25ہزار روپے رکھاگیاہے جبکہ ہر کیٹگری میں پہلا انعام 15ہزار روپے دیاجائے گا۔
وقت اشاعت : 10/04/2017 - 20:22:44