فیصل آباد :دہشت گردی کے خطرات کے پیش نظر تعلیمی اداروں کی سکیورٹی سخت کر دی گئی

ہفتہ 18 فروری 2017 14:52

فیصل آباد :دہشت گردی کے خطرات کے پیش نظر تعلیمی اداروں کی سکیورٹی سخت کر دی گئی
فیصل آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 18 فروری2017ء) دہشتگردی کے موجودہ خطرات کے پیش نظر ضلع کے تعلیمی ادارے سیکورٹی کے فول پروف انتظامات کویقینی بنائیں۔اس ضمن میں حساس سرکاری ونجی تعلیمی اداروں میں طے شدہ شرائط اور پالیسی کے مطابق درکار سیکورٹی تقاضوں کوپورا کیا جائے ۔عدم تعمیل کی صورت میں تعلیمی ادارے کو سیل اور انتظامیہ کے خلاف مقدمہ درج ہوگا۔

ڈپٹی کمشنر سلمان غنی نے یہ بات ہنگامی طور پر بلائے گئے ایک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی جس میں مختلف سرکاری ونجی یونیورسٹیز،کالجزاورسکولوں کے نمائندوں نے شرکت کی۔اس موقع پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنرزمحمدشاہد،خالدمسعود فروکہ،چیف ایگزیکٹو آفیسر ڈسٹرکٹ ایجوکیشن اتھارٹی مظفر جاوید اقبال چشتی،اسسٹنٹ کمشنرز اور محکمہ تعلیم کے دیگر افسران نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

ڈپٹی کمشنر نے حساس تعلیمی اداروں کی انتظامیہ سے کہا کہ وہ فوری طور پر سیکورٹی آڈٹ کرکے کمزوریوں اور خامیوں کو دور کریں۔انہوں نے کہا کہ مخصوص اور کارآمداسلحہ سے لیس تربیت یافتہ سیکورٹی گارڈز کی تعیناتی کے علاوہ تمام ترسیکورٹی آلات اورکنٹرول رومز فنکشنل ہونے چاہیں۔انہوں نے کہا کہ تعلیمی ادارے کی تمام عمارت اور اندرونی وبیرونی مقامات کے تمام زاویے سی سی ٹی وی کیمروں کی کوریج میں ہونے چاہیں اور چھتوں پر گارڈز کی تعیناتی کے علاوہ تعلیمی ادارے کے ارد گرد سیکورٹی اہلکاروں کی پٹرولنگ کا انتظام کریں۔

انہوں نے تعلیمی ادارے سے ہنگامی اخراج کے لئے محفوظ راستے کا بندوبست کرنے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ تعلیمی اداروں کی چار دیواریاں آٹھ فٹ اونچی اور ان پر خاردار تاریں لگی ہونی چاہیے اور مشکوک افراد پر کڑی نظر رکھی جائے۔ڈی سی نے کہا کہ طالب علموں کو لانے اور لے جانے والی بسوں کی سیکورٹی کلیئرنس کے علاوہ ان میں گارڈز بھی تعینات کئے جائیں۔

انہوں نے کہا کہ دہشت گردی وتخریب کاری کی موجودہ لہر کے تناظر میں تمام حساس تعلیمی اداروں کی انتظامیہ طالب علموں وسٹاف کے تحفظ کے لئے انتہائی ذمہ داری کامظاہرہ کریں۔اس ضمن میں ضلعی انتظامیہ انہیں درپیش مسائل کے حل میں بھرپورمعاونت کرے گی۔انہوں نے محکمہ تعلیم کے افسران سے کہا کہ وہ تعلیمی اداروں میں سیکورٹی انتظامات کو باقاعدگی سے چیک کریں جبکہ اسسٹنٹ کمشنرز بھی اس سلسلے میں متحرک رہیں گے۔ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ وہ خود بھی مختلف یونیورسٹیز،کالجز اور سکولوں کی سیکورٹی کو چیک کریں گے اور کسی قسم کی حفاظتی خامی سامنے آنے کی صورت میں قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

فیصل آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں