پاکستان سے ون ڈے سیریز ،آسٹریلوی ٹیم کو دھچکا،مچل سٹارک، مچل مارش، اور کرس لین تیسرے میچ سے باہر

پیر 16 جنوری 2017 15:57

پرتھ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 16 جنوری2017ء) کرکٹ آسٹریلیا کے مطابق فاسٹ بولر مچل سٹارک اور آل راؤنڈر مچل مارش پاکستان کے خلاف جاری ایک روزہ میچوں کی سیریز کے تیسرے میچ میں حصہ نہیں لیں گے۔ ان کے علاوہ نوجوان بلے باز کرس ِلن بھی گردن میں تکلیف کے باعث پرتھ میں کھیلے جانے والے تیسرے میچ میں شامل نہیں ہو سکیں گے۔آسٹریلوی بورڈ کے مطابق ٹیم کے مرکزی فاسٹ بولر مچل سٹارک کو مسلسل کھیلنے کے بعد آرام کی ضرورت ہے جبکہ مچل مارش کندھے کی تکلیف میں مبتلا ہیں۔

مچل سٹارک سیریز کے چوتھے میچ کے لیے دستیاب ہوں گے۔آسٹریلوی ٹیم کے قائم مقام سیلیکٹر ٹریور ہانز نے کہا کہ مچل سٹارک نے پچھلے چھ مہینوں میں بہت کرکٹ کھیلی ہے اور آنے والے مقابلوں کو مدنظر رکھتے ہوئے ہم چاہتے تھے کے انھیں کچھ آرام دیا جائے اور ہم سمجھتے ہیں کے ابھی ہمارے پاس ان کو آرام دینے کا اچھا موقع ہے۔

(جاری ہے)

مچل مارش کے فیزیو تھیراپسٹ ڈیوڈ بیکلی نے کہا کہ 'مچل مارش کے کندھے کا درد بڑھ گیا ہے اور ان کو اب آرام کی اور علاج کی ضرورت ہے تاکہ وہ مکمل فٹنس حاصل کر سکیں۔

پچیس سالہ مچل مارش پاکستان کے خلاف جاری سیریز میں اب مزید حصہ نہیں لیں گے لیکن ان کا نام اگلے ماہ کے دورہ انڈیا کے لیے 16 رکنی سکواڈ میں شامل ہے۔مڈل آرڈر کے بلے باز پیٹر ہینڈزکومب کو ایک روزہ سکواڈ میں شامل کر لیا گیا ہے جبکہ مچل مارش کے متبادل کا اعلان ابھی نہیں ہوا ہے۔یاد رہے کہ پاکستان کی میلبورن میں کھیلے جانے والے میچ میں جیت کے بعد سیریز ایک ایک سے برابر ہے۔

متعلقہ عنوان :

کرک میں شائع ہونے والی مزید خبریں