رضا کارانہ طور پر اسلحہ جمع کرنے کی خصوصی مہم، استرزئی پولیس نے بھاری ہتھیاروں کا بڑا ذخیرہ قبضے میں لے لیا

جمعرات 19 جنوری 2017 20:44

کوہاٹ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 19 جنوری2017ء) کوہاٹ میں حکومت کے پاس رضا کارانہ طور پر اسلحہ جمع کرنے کی خصوصی مہم کے دوران استرزئی پولیس نے بھاری ہتھیاروں کا بڑا ذخیرہ قبضے میں لے لیا ہے۔مقامی لوگوں کی طرف سے پولیس کے پاس جمع کرانے والے اسلحہ میںانتہائی خطرناک گولہ بارود شامل ہیںجسے محفوظ کرلیا گیا ہے۔ اس حوالے سے تھانہ استرزئی میں غیر لائسنس یافتہ اور ممنوعہ اسلحہ جمع کرنے کے سلسلے میں منعقدہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ایڈیشنل ایس پی انوسٹی گیشن کوہاٹ طارق محمود نے کہا کہ گزشتہ دنوںپاک فوج ،پولیس و ضلعی انتظامیہ اور مقامی عمائدین کے مشترکہ اجلاس کا انعقاد کیا گیا جسمیں علاقائی امن و استحکام کی خاطر عوام کو متنبہ کیا گیا تھا کہ وہ 31جنوری تک غیر لائسنس یافتہ اور ناجائز اسلحہ حکومت کے پاس جمع کرائے ۔

(جاری ہے)

ایڈیشنل ایس پی نے کہا کہ اسی مہم کے تسلسل میں استرزئی اور ملحقہ علاقوں کے عوام نے حکومت کا ساتھ دیتے ہوئے ذاتی اور قومی اسلحہ تھانہ استرزئی پولیس کو پیش کردیا ہے۔انہوں نے کہا کہ پولیس نے عوام کی طرف سے رضاکارانہ طور پر پیش کیا جانے والے ہتھیاروں کا بڑا ذخیرہ قبضے میں لے لیا ہے جن میں دو مارٹر گن،دو انٹی ائیر کرافٹ گن،ایک راکٹ لانچر،ایک ہیوی مشین گن ،دو عددلائٹ مشین گن،60عدد مارٹر گولے اورانٹی ائیر کرافٹ گن کے 840عددکارتوس شامل ہیں۔

ایڈیشنل ایس پی طارق محمود نے مزید کہا کہ اسلحہ جمع کرنے کی رضا کارانہ مہم میں عوام سے بھاری و خود کار اور غیر قانونی اسلحہ تھانوں میں اکٹھا کیا جارہا ہے اور اس سلسلے میں شہر اور دیہی علاقوں کے مقامی عمائدین سے رابطے کرلئے گئے ہیں جبکہ حکومت کے پاس اسلحہ جمع کرنے کی مقررہ میعاد کے بعد ضلع بھر میں گھر گھر تلاشی آپریشن کا آغاذ کیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ ملکی سطح پر اسلحہ جمع کرنے کی مہم کا دائرہ کار کوہاٹ ڈویژن کے بندوبستی علاقوں کے علاوہ علاقہ غیر تک بھی بڑھا یا جارہا ہے تاکہ آپریشن ضرب عضب کے مطلوبہ اہداف کو عملی جامہ پہنا کر علاقائی امن و سلامتی کو برقرار رکھا جاسکے۔انہوں نے عوام سے ا پیل کرتے ہوئے کہا کہ وہ 31جنوری سے پہلے ناجائز اسلحہ حکومت کے حوالے کرکے اپنی شہری ذمہ داریاں پوری کریں ۔

اس موقع پراسسٹنٹ کمشنر کوہاٹ محمد عمیر، ڈی ایس پی ہیڈ کوارٹر عبدالرشید،ایس ایچ او تھانہ استرزئی انسپکٹرناظر حسین،چیف جسٹس (ر) سید ابن علی،میاں شاہ رضا اور مہتاب الحسن کے علاوہ دیگر عمائدین بھی موجود تھے۔پریس کانفرنس سے اسسٹنٹ کمشنر کوہاٹ محمد عمیر،سید ابن علی،میاں شاہ رضا اور ڈی ایس پی عبدالرشید نے بھی خطاب کرتے ہوئے رضا کارانہ طور پر اسلحہ جمع کرنے کی حکومتی احکامات پر عملدرآمد کرنے کی عوامی اقدام کو بے حد سراہا۔

متعلقہ عنوان :

کوہاٹ میں شائع ہونے والی مزید خبریں