پنجاب پبلک سروس کمیشن کے وفد کا جامعہ گجرات کا دورہ

بدھ 22 فروری 2017 23:25

لالہ موسیٰ۔22 فروری(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 فروری2017ء) پنجاب پبلک سروس کمیشن کے ایک وفد نے جامعہ گجرات کا دورہ کیا اور مرکز برائے السنہ و علوم کے دارالترجمہ کے تحت علمی سطح پر ہونے والے تراجم کا جائزہ لیتے ہوئے اس کے کام کو خراج تحسین پیش کیا۔ پنجاب پبلک سروس کمیشن کے وفد میں ڈائریکٹر ریکروٹمنٹ ضیاء احمد ارشد اور ڈائریکٹر لیگل محمد فاروق راجہ شامل تھے۔

وفد نے جامعہ گجرات میں آمد پر وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر ضیاء القیوم کے ساتھ ملاقات کی۔ اس موقع پر سربراہ مرکز برائے السنہ و علوم ترجمہ ڈاکٹر غلام علی اور ڈائریکٹر میڈیا شیخ عبدالرشید بھی موجود تھے۔ ڈاکٹر ضیاء القیوم نے وفد سے ملاقات کرتے ہوئے کہا کہ اعلیٰ تعلیم کا نظام کسی بھی ملک کی قومی ترقی کا آئینہ دار ہوتا ہے اور مستقبل کے لائحہ عمل کو مرتب کرنے میں راہنمائی فراہم کرتا ہے۔

(جاری ہے)

پاکستان ایک ترقی پذیر ملک ہے اور مختلف علوم و فنون کے علمی تراجم ہماری علمی ترقی کے لیے مددگار ثابت ہونگے۔ تراجم افکارِ تازہ اور نظریات ِ نو کے فروغ کا باعث بنتے ہیں، ڈائریکٹر میڈیا شیخ عبدالرشید نے کہا کہ ترجمہ کے علمی پہلوئوں کو کماحقہ،ْ مدنظر رکھے بغیر تراجم میں کمالِ فن پیدا کرنا ناممکن ہے اور ہمیں واثق امید ہے کہ جامعہ گجرات کا دارالترجمہ اپنی علمی کارگزاریوں کے سبب ملکی زبانوں کے فروغ کے لیے ایک اہم ذمہ داری سے سبکدوش ہونے میں کامیاب ہو گا۔ وفد نے جامعہ گجرات کے انسٹیٹیوٹ برائے ہوٹل و ریسٹورنٹ مینجمنٹ کا دورہ بھی کیا اوروہاں پر جدید حوالوں سے نوجوان طلبا و طالبات کی عملی تعلیم کے روشن پہلوئوں کو سراہا۔

متعلقہ عنوان :

لالہ موسیٰ میں شائع ہونے والی مزید خبریں