آزاد کشمیر میں مسلم لیگ( ن) کی حکومت صرف دعوے نہیں بلکہ عمل بھی کرتی ہے‘سینئر وزیر

راستے میں حائل ہونا خاندانی لوگوں کا خاصہ نہیں ایسا صرف کم ظرف اور کوتا ہ اندیش ہی کرسکتے ہیں ‘چوہدری طارق فاروق

منگل 21 فروری 2017 14:46

مظفرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 فروری2017ء)آزادکشمیر حکومت کے سینئر وزیر و مسلم لیگ ن آزاد کشمیر کے سینئر نائب صدر چوہدری طارق فاروق نے کہا ہے کہ مسلم لیگ (ن )حکومت کے 6ماہ کی کارکردگی وزیراعظم انفراسٹرکچر پروگرام ، محکمہ صحت عامہ میں آسامیوں کی تخلیق کے باعث عوامی سطح پر یہ تاثر مضبوط ہوچلا ہے کہ مسلم لیگ ن کی حکومت صرف دعوے نہیں بلکہ عمل بھی کرتی ہے ۔

وزیراعظم راجہ فاروق حیدر خان کا دورہ میرپور ، بھمبر ہر لحاظ سے کامیاب رہا ہے ۔ بھمبر میں وزیراعظم کی مصروفیات اور مسلم لیگی کارکنوں کے جوش و خروش نے اپوزیشن کی منفی سیاست کے تابوت میں آخری کیل ٹھونک دی ہے ۔ راستے میں حائل ہونا خاندانی لوگوں کا خاصہ نہیں ایسا صرف کم ظرف اور کوتا ہ اندیش ہی کرسکتے ہیں ۔

(جاری ہے)

بلدیاتی الیکشن میں ایک بار پھر کلین سویپ کرینگے ۔

اپوزیشن کو اندازہ ہوگیا ہے کہ عوامی سطح پر اس کی کوئی ساکھ نہیں ‘ الزام تراشی ، منفی پراپیگنڈہ اور جھوٹ پر مبنی سیاست کا دور گزر چکا ۔ اپنے آفس چیمبر میں پارٹی کارکنوں اور صحافیوں کے ایک گروپ سے بات چیت کے دوران چوہدری طارق فاروق نے کہا ہے کہ سیاست رواداری اور وضع داری کے اصولوں کے تحت ہی آزاد کشمیر میں رواج پذیر ہے تاہم دور جدید کے کچھ عناصر سیاست میں تشدد کا عنصر داخل کرکے شارٹ کے ذریعے آگے نکلنا چاہتے ہیں مگر یہ ان کی بھول ہے کہ چور دروازے سے انہیں اقتدار مل سکتا ہے ۔

جو لوگ پانچ سال تک گزشتہ حکومت کو اپنے جھانسے میں رکھ کر عوام کی بھلائی کا کوئی کام نہیں کرسکے وہ موجودہ حکومت سے بھی یہ توقع رکھتے ہیں کہ وہ کام نہ کرے مگر مسلم لیگ ن کی حکومت نہ صرف انتخابی وعدے پورے کررہی ہے بلکہ تعمیر و ترقی کے جمود کو توڑ دیا گیا ہے ۔ وزیراعظم انفراسٹرکچر پروگرام کے تحت ہر حلقہ انتخاب میں تقریباً چار کروڑ روپے خرچ کئے جارہے ہیں جو عوام کو بنیادی ضروریات کی فراہمی میں معاون ثابت ہونگے ۔

وزیراعظم انفراسٹرکچر پروگرام آزاد کشمیر کی تاریخ کا پہلا اور منفرد پراجیکٹ ہے جس میں ہر حلقہ انتخاب کی مقامی ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے تعمیر و ترقی کے منصوبہ جات اور عملدرآمد کا آغاز کیا گیا ہے ۔ محکمہ لوکل گورنمنٹ کے زیر اہتمام اس پراجیکٹ پر عملدرآمد شروع ہوچکا ہے ۔ تمام حلقہ انتخاب کیلئے فنڈز جاری کردیئے گئے ہیں اور کام شروع ہیں جن کی مانیٹرنگ کی جارہی ہے ۔

وزیراعظم راجہ فاروق حیدر خان کی زیر قیادت آزاد کشمیر حکومت مقامی سطح کے تمام مسائل اپنے وسائل سے حل کررہی ہے ۔ کشمیر کونسل سے ملنے والی ایک ارب 80کروڑ کی رقم سے جاریہ منصوبوں میں کام کی رفتار تیز کرنے کیساتھ ساتھ تمام بڑی سڑکوں کی حالت بہتر بنانے کیلئے فوری اقدامات کئے جارہے ہیں۔ آئندہ تین ماہ کے اندر آزاد کشمیر کی تمام بڑی سڑکوں کی بہتری کا کام شروع ہوجائیگا۔

آزاد کشمیر اور پاکستان کو ملانے والی تمام شاہرات پر کام پہلے سے شروع ہے آزاد کشمیر کے اندر بھی ماہر ‘ تجربہ کار اور باوسائل تعمیراتی کمپنی کے ذریعہ تعمیراتی کاموں کا آغاز کیا گیا ہے ۔ ماضی کے برعکس موجودہ دور میں ٹھیکیداری نظام کی حوصلہ شکنی کی گئی ہے ۔ تمام تعمیراتی منصوبہ جات پر میرٹ کے مطابق عملدرآمد ہورہا ہے ۔ آزاد کشمیر میں میرٹ پر عملدرآمد کیوجہ سے بعض لوگوں کو بلاوجہ تکلیف ہورہی ہے ۔

اپوزیشن کا پراپیگنڈہ اور سازشیں مسلم لیگ ن کی تعمیر و ترقی کا راستہ نہیں روک سکتیں ۔ بھمبر میں وزیراعظم راجہ فاروق حیدر خان کے قافلہ کی راہ میں حائل ہونے کی کوشش کرنے والے شکست خوردہ عناصر منفی پراپیگنڈہ کے بعد اب منہ چھپاتے پھر رہے ہیں ۔ ہم وضع داری اور رواداری کی سیاست کو آخر دم تک جاری رکھیں گے ۔ ہماری برداشت کو اگر کوئی کمزوری سمجھتا ہے تو اسے یہ گمان دور کرلینا چاہیے اللہ تعالیٰ نے ہمیں صلاحیت دی ہے اور ہم اپنی صلاحیت مثبت اور عوامی خدمت کے منصوبوں پر وقف کررہے ہیں ۔

مظفر آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں