سی پیک منصوبہ پاکستان کے کامیاب مستقبل کا ضامن ہے، بعض سیاسی جماعتیں اپنی ساکھ بچانے کیلئے منصوبے کو متنازعہ بنانے کی کوشش کررہی ہیں، لیاقت خان

پیر 16 جنوری 2017 16:44

راولپنڈی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 جنوری2017ء) پاکستان مسلم لیگ (ن) یوتھ ونگ راولپنڈی ڈویژن کے صدر لیاقت خان نے کہا ہے کہ عمران خان پہلے عدالت سے پانامہ لیکس کے معاملے پر کمیشن کے قیام کا مطالبہ کر رہے تھے مگر عدالت نے کمیشن بنانے کی بات کی تو تحریک انصاف کے راہنما نے یوٹرن لے لیا، سی پیک منصوبہ پاکستان کے کامیاب مستقبل کا ضامن ہے، بعض سیاسی جماعتیں اپنی ساکھ بچانے کیلئے منصوبے کو متنازعہ بنانے کی کوشش کر رہی ہیں، پاکستان جمہوری ملک ہے اور اس کی ترقی جمہوریت سے وابستہ ہے، ملک کی ترقی کی خاطر کسی صورت میں جمہوریت کوڈی ریل نہیں ہونے دیں گے اور جمہوریت کے تسلسل کیلئے کسی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے۔

ان خیالات کا اظہار لیاقت خان نے پیر کو ’’اے پی پی‘‘ سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا ہے کہ عمران خان پارلیمنٹ کو گالیاں بھی دیتے ہیں اور دوسری جانب اسی پارلیمنٹ سے بھاری تنخواہیں بھی لے رہے ہیں۔انہوں نے کہا ہے کہ پاک چین اقتصادی راہداری پاکستان کے کامیاب مستقبل اور معاشی استحکام کا ضامن ہے لیکن بعض سیاسی جماعتیں ملک کے کامیاب مستقبل کو پس پشت ڈال کر منصوبے پر اپنی سیاست چمکا رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان حکومت کی ٹانگیں کھنچنے کی بجائے خیبر پختونخوا میں کارکردگی دکھائیں۔ لیاقت خان نے کہا کہ وزیر اعظم نواز شریف نے ساڑھے تین سالہ دور اقتدار میں معیشت کی بہتری کے لئے کام کیا اور دیگر اداروں میںبہتری لائی،دھرنوں کی سیاست کرنے والے اپنے مزموم مقاصد کی تکمیل چاہتے ہیں ،عمران خان کی سیاست ختم ہو چکی ہے۔لیاقت خان نے کہا ہے کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) ملک کو ایک کامیاب فلاحی ریاست بنانا چاہتی ہے لیکن عمران خان غیر آئینی مطالبات پیش کر کے ملک میں جمہوریت اور عوام کو نقصان پہنچانا چاہتے ہیں۔

متعلقہ عنوان :

راولپنڈی میں شائع ہونے والی مزید خبریں