احسان عادل کی انجری، عمر گل کی انٹری

Fahad Shabbir فہد شبیر ہفتہ 18 اپریل 2015 19:31

احسان عادل کی انجری، عمر گل کی انٹری

ڈھاکہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔18اپریل۔2015ء)یاسر شاہ کے بعد احسان عادل بھی فٹنس مسائل سے دوچار ہونے کے بعد بنگلہ دیش کے خلاف پاکستانی اسکواڈ سے باہر ہوگئے۔ ہیم اسٹرنگ کا شکار ہونے والے احسان عادل کو ڈاکٹروں نے دو ہفتے آرام کا مشورہ دیا ہے، لہذا وہ بنگلہ دیش کےخلاف ون ڈے سیریز میں شرکت نہیں کرسکیں گے۔ لیکن احسان عادل کے ٹیم سے باہر ہونے کے بعد انجری کے شکارعمرگل کو بنگلہ دیش کے خلاف پاکستانی اسکواڈ کا حصہ بننے کا موقع ضرور مل گیا ہے۔

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے مطابق عمر گل پاکستانی اسکواڈ کو جوائن کرنے کے لیے بنگلہ دیش جائیں گے۔اس سے قبل پاکستانی اسکواڈ میں شامل فاسٹ باؤلر سہیل خان، مڈل آرڈر بلے باز صہیب مقصود اور لیگ اسپنر یاسر شاہ انجری کے باعث ایک روزہ سیریز سے باہر ہوچکے ہیں۔

(جاری ہے)

صہیب کی جگہ سعد نسیم جبکہ سہیل خان کے متبادل کے طور پر جنید خان کو ٹیم میں شامل کیا گیا۔

یاسر شاہ کو ایک ہفتے کے آرام کا مشورہ دیا گیا ہے اور امکان ظاہر کیا جارہا ہے کہ وہ ٹیسٹ میچز کے لیے دستیاب ہوں گے۔ یاد رہے کہ عمر گل نے پاکستان کی طرف سے اپنا آخری میچ دسمبر 2014 میں کھیلا تھا۔ پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان سیریز کا دوسرا میچ کل یعنی اتوار کو شیربنگلہ نیشنل کرکٹ اسٹیڈیم، میرپور میں کھیلا جائے گا۔ واضح رہے کہ افتتاحی میچ 79 رنز سے جیتنے والی بنگلہ دیشی ٹیم کو سیریز میں ایک صفر کی برتری حاصل ہے۔

وقت اشاعت : 18/04/2015 - 19:31:46