بنگلہ دیش سے ون ڈے سیریز میں مات ، پاکستان کیلئے ساتویں پوزیشن کا دفاع بھی مشکل ہوگیا

پیر 20 اپریل 2015 19:03

بنگلہ دیش سے ون ڈے سیریز میں مات ، پاکستان کیلئے ساتویں پوزیشن کا دفاع بھی مشکل ہوگیا

میرپور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 20اپریل۔2015ء) بنگلہ دیش سے ون ڈے سیریز ہارنے کے بعد آئی سی سی رینکنگ میں پاکستان کیلئے ساتویں پوزیشن کا دفاع بھی مشکل ہوگیا۔ بنگلہ دیش کا کلین سوئپ گرین شرٹس کو آٹھویں نمبر پردھکیل دے گا۔پاکستان آئی سی سی ون ڈے رینکنگ میں ویسٹ انڈیز،بنگلہ دیش اور زمبابوے سے اوپر ساتویں پوزیشن پرفائز ہے۔ بنگلہ دیش سے تاریخ میں پہلی بار ون ڈے سیریز کی شکست نے گرین شرٹس کی ساتویں پوزیشن بھی خطرے میں ڈال دی ہے۔

ورلڈ چیمپئن آسٹریلیا ایک سوبائیس پوائنٹس کے ساتھ ون ڈے کرکٹ کی نمبر ون ٹیم ہے۔ عالمی درجہ بندی میں بھارت دوسری اور جنوبی افریقا کی تیسری پوزیشن پر فائز ہے۔ ورلڈکپ فائنلسٹ نیوزی لینڈ چوتھے نمبر پر، سری لنکا ایک سوسات اور انگلینڈ ایک سو ایک پوائنٹس کے ساتھ پانچویں اور چھٹے نمبر پر ہیں۔

(جاری ہے)

بنگلہ دیش سے سیریز سے پہلے پاکستان اٹھانوے پوائنٹس لیکر ساتویں اور ویسٹ انڈیز بانوے پوائنٹس لیکر آٹھویں نمبر پر تھا۔

بنگال ٹائیگرز سے ابتدائی دو میچز ہارنے کے بعد پاکستان کے پوائنٹس ترانوے ہوگئے ہیں۔ تاہم ابھی اسے ویسٹ انڈیز پر ایک پوائنٹ کی برتری حاصل ہے۔ لیکن تیسرے ون ڈے میں شکست اور بنگلہ دیش کے کلین سوئپ کی صورت میں گرین شرٹس کے دو مزید پوائنٹس کم ہوجائیں گے اور اس کی آٹھویں نمبر پر تنزلی ہوجائے گی۔ جبکہ ویسٹ انڈین ٹیم ساتویں پوزیشن پر ترقی کرلے گی۔ تنزلی سے بچنے کیلئے اظہرعلی الیون کو آخری ون ڈے جیتنا ضروری ہے۔

وقت اشاعت : 20/04/2015 - 19:03:55

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :

متعلقہ عنوان :