تنازعات سے بھرپور کیریئر گزارنے والے شعیب اختر اپنوں کو باؤنسرز کرنے لگے

جمعرات 28 مئی 2015 12:00

تنازعات سے بھرپور کیریئر گزارنے والے شعیب اختر اپنوں کو باؤنسرز کرنے لگے

لاہور(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار28مئی۔2015ء) سپیڈ سٹار شعیب اختر نے کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کے بعد اپنے ہی ہم وطنوں پر باؤنسرز کرنا شروع کر دیے ، سابق پیسر کاکہنا ہے کہ ماضی میں ہمارے میچز کے نتائج ڈریسنگ روم میں ہی طے کرلیے جاتے تھے ، کپتان کرکٹ کا شعور ہی نہیں رکھتے تھے ۔

(جاری ہے)

ایک ٹی وی چینل کے پروگرام میں میزبان ہرشا بھوگلے سے گفتگو کرتے ہوئے شعیب اختر نے ایک بار پھر ملکی کرکٹ کی پگڑی اچھالنے میں کوئی کسر نہیں چھوڑی، تنازعات سے بھرپور کیریئر گزارنے والے 39 سالہ سابق پیسر نے کہا کہ ان کے دور میں کپتان کرکٹ کا کوئی شعور نہیں رکھتے تھے اور نتائج ڈریسنگ روم میں ہی طے کرلیے جاتے، میدان میں ہونے والے کھیل کا نتیجے سے کوئی تعلق ہی نہیں ہوتا تھا، وہ بتا نہیں سکتے کہ اس وقت ٹیم میں کتنے فکسرز تھے، وہاں ہر کوئی اپنے لیے کھیلتا تھا اور کسی کو ٹیم کی فکر نہیں ہوتی تھی ۔

یاد رہے کہ شعیب اختر نے اپنی کتاب ’’پاکستان کرکٹ ٹیم‘‘ میں بھی کئی متنازع معاملات کا ذکر کیا ہے،مگر ایک بھارتی شو میں ان کی جانب سے سخت الفاظ دہرائے جانے پر کرکٹ حلقوں میں حیرت اور تشویش کا اظہار کیا جارہا ہے۔ سابق کرکٹر ملکی ٹی چینلز پر بھی اپنے بلند بانگ تبصروں کی وجہ سے مشہور ہیں۔

وقت اشاعت : 28/05/2015 - 12:00:38