محمد حفیظ نے غیرملکی کوچز کی تقرری پر سوال اٹھا دیئے

لیول ون کا کوالیفائیڈ کوچ ہوں، یہ کورسز ایک تعلیم ہیں، میرے تجربے کو کیسے نظر انداز کرسکتے ہیں : سابق کرکٹر و ٹیم ڈائریکٹر

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب جمعہ 26 اپریل 2024 15:57

محمد حفیظ نے غیرملکی کوچز کی تقرری پر سوال اٹھا دیئے
لاہور (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 26 اپریل 2024ء ) پاکستان کے سابق ٹیسٹ کرکٹر محمد حفیظ نے قومی ٹیم کے لیے غیر ملکی کوچز کی تقرری پر سوالیہ نشان لگا دیا ہے۔ مقامی ٹی وی چینل کو دیئے گئے انٹرویو میں سابق کپتان و ٹیم ڈائریکٹر محمد حفیظ نے ٹیم مینجمنٹ کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے کہا کہ جس طرح مجھے عہدے سے ہٹایا گیا وہ عمل افسوسناک تھا، میں لیول ون کا کوالیفائیڈ کوچ ہوں۔

کوچنگ کورسز ایک تعلیم ہے لیکن یہ کوچ بننے کی مکمل اہلیت نہیں ہے، آپ کیسے میرے بین الاقوامی کرکٹ کے تجربے کو نظر انداز کرسکتے ہیں۔ انہوں نے نجم سیٹھی کی جانب سے مقامی کوچز پر عائد اقربا پروری کے الزام کو غیرمنصفانہ قرار دیا۔ 43 سالہ محمد حفیظ نے کہا کہ میں سابق چیئرمین پی سی بی کے بیان سے بہت مایوس ہوں کیونکہ یہ بہت سے سابق کھلاڑیوں کے ساتھ ناانصافی ہے۔

(جاری ہے)

پاکستان کے پاس ایسے کرکٹ کے لیجنڈز ہیں جن کی دنیا بھر میں تعریف کی جاتی ہے، یہ پی سی بی کی غلامانہ ذہنیت ہے کہ صرف ایک غیر ملکی کوچ کا تقرر کیا جانا چاہئے۔ میں نے کبھی کسی مقامی کوچ کو اقربا پروری یا ذاتی سفارشات کو فروغ دیتے ہوئے نہیں دیکھا۔ واضح رہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے سابق چیئرمین نجم سیٹھی نے مقامی کوچز پر ذاتی تعلقات پر فیصلے کرنے کا الزام عائد کیا تھا۔                                                                                                           
وقت اشاعت : 26/04/2024 - 15:57:48

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :