پاکستان سے ٹیسٹ سیریز میں ایلسٹر کک کااوپننگ پارٹنر ڈھونڈنا انگلینڈ کے لیے درد سر بن گیا

ہفتہ 10 اکتوبر 2015 14:08

شارجہ (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 10 اکتوبر۔2015ء) کپتان الیسٹر کک کے اوپننگ پارٹنر کا انتخاب انگلینڈ کیلیے بڑا مسئلہ بن گیا، دوسرے ٹور میچ میں ممکنہ اوپنرز معین علی اور ایلکس ہیلز کی ناکامی نے مہمان ٹیم کی تشویش میں اضافہ کردیا، ابوظبی میں پہلے ٹیسٹ سے قبل کسی فیصلے تک پہنچنا ہوگا۔

(جاری ہے)

تفصیلات کے مطابق انگلینڈکے کپتان الیسٹر کک کیلیے اوپننگ پارٹنر کا انتخاب ایک عرصے سے درد سر بنا ہوا ہے، ایشز سیریز تک اس ضمن میں نصف درجن سے زائد تجربات کیے جا چکے لیکن کسی افتتاحی بیٹسمین میں ایسا دم خم نظر نہیں آیا کہ اس مسئلے کا مستقل حل نکل سکے ، معین علی کو سپن بولنگ کی اضافی خوبی کے سبب اس پوزیشن کا مضبوط امیدوار قرار دیا جارہا تھا لیکن وہ پاکستان اے کیخلاف پہلے ٹور میچ میں صرف 22رنز بناسکے جب کہ دوسرے مقابلے میں صرف 7رنز بنا کر میدان بدر ہوئے۔

اس پوزیشن پر قبضہ جمانے کیلیے کوشاں دوسرے اوپنر ایلکس ہیلز صرف 9رن تک محدود رہے،136رنز پر 7وکٹیں گرنے کے بعد معین علی کو فارم کی بحالی کیلیے دوبارہ بیٹنگ کا موقع دیا گیا لیکن باریش بیٹسمین ایک بار پھر فائدہ اٹھانے میں ناکام رہے اور 20پر پویلین لوٹ گئے، دونوں ممکنہ اوپنرز کی ناکامی نے دوسرے اوپنر کے انتخاب کو سوالیہ نشان بنادیا ہے

وقت اشاعت : 10/10/2015 - 14:08:25