انڈین پریمیئر لیگ میچ فکسرز کے بعد جعلی ٹکٹیں بیچنے والوں سے گھر گئی

اتوار 1 مئی 2016 14:29

انڈین پریمیئر لیگ میچ فکسرز کے بعد جعلی ٹکٹیں بیچنے والوں سے گھر گئی

ممبئی (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار یکم مئی ۔2016ء ) انڈین پریمیئر لیگ ابھی 2013ء میں سامنے آنے والے فکسنگ کے الزامات بھی پوری طرح نہیں دھو پائی تھی کہ اب لیگ کو میچز کی جعلی ٹکٹیں بیچنے والوں کے ہاتھوں شرمندگی کا سامنا کر ناپڑ گیا ہے ۔ تفصیلات کے مطابق انڈین پریمیئر لیگ میں ممبئی انڈینز اور کوکلتہ نائیٹ رائیڈرز کے مابین گزشتہ روز کھیلے گئے میچ سے قبل ایک شخص نے ممبئی کے وانکھیڈے سٹیڈیم کے باہر گھومنے والے فیصل نامی شہری کو میچ کے ٹکٹ بیچنے کی آفر کی ، ٹکٹ کی قیمت 2000روپے تھی اور اس پر لوگو اور بار کوڈ بھی موجود تھا جبکہ اس ٹکٹ فروش نے بھی ٹکٹ پر موجود رقم کے علاوہ کوئی اضافی مطالبہ نہیں کیا جس سے فیصل کو لگا کہ ٹکٹ اصلی ہے جس پر اس نے مذکورہ شخص کو 6000روپے دیکر 3ٹکٹ خرید لیے، میچ شروع ہونے سے قبل جب فیصل اپنے 2دوستوں کے ہمراہ سٹیڈیم پہنچا تو سکیورٹی نے اسے یہ کہ کر اندر جانے سے روک دیا کہ اس کے خریدے ہوئے ٹکٹ جعلی ہیں ، مایوس فیصل نے وہ ٹکٹ پھاڑے اور اس ٹکٹ فروش کی تلاش شروع کردی لیکن اسے وہ شخص تو نظر نہ آیاتاہم دیگر کئی ٹکٹ فروش ٹکٹیں بیچتے نظر آئے لیکن فیصل نے ان سے ٹکٹیں نہ لینے کا فیصلہ کیا اور گھر واپس چلا گیا ۔

(جاری ہے)

فیصل کے ایک قریبی دوست وسیم نے بھارتی میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ فیصل کرکٹ کا جنونی ہے اور وہ ممبئی کے سٹیڈیم میں کم سے کم ایک میچ لائیو دیکھنے کے لئے چاہتا تھا،مذکورہ ٹکٹ فروش شکل سے شریف آدمی معلوم ہورہا تھا اور اس نے ٹکٹ کے کوئی اضافی پیسے بھی نہیں مانگے جس کے باعث فیصل کو یقین ہوگیا کہ ٹکٹ اصلی ہے ۔اس ٹکٹ فروش نے فیصل کو یقین دلایا تھا کہ وہ ہر میچ کی ٹکٹ بیچنے کے لیے یہیں موجود ہوگا اور اگر فیصل آن لائن ٹکٹیں حاصل کرنے میں ناکام رہے تو وہ اس سے ٹکٹ خرید سکتا ہے،بے چارے فیصل کے وہم و گمان میں نہیں تھا کہ وہ کس جال میں پھنسنے جا رہا ہے ۔

وقت اشاعت : 01/05/2016 - 14:29:30