بھارت کی اینٹیگا ٹیسٹ پر گرفت مضبوط، ویسٹ انڈیز کو اننگز کی شکست سے بچنے کیلئے 302 رنز درکار

اتوار 24 جولائی 2016 12:34

اینٹیگا ۔ (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔24 جولائی- 2016ء) بھارت کی اینٹیگا ٹیسٹ پر گرفت مضبوط ہوگئی، ویسٹ انڈیز نے فالو آن کے بعد دوسری اننگز میں بھی 21 رنز پر ایک وکٹ گنوا دی اور اسے اننگز کی شکست سے بچنے کیلئے مزید 302 رنز درکار ہیں۔ پہلی اننگز میں ویسٹ انڈیز 243 رنز پر ڈھیر ہوگئی، کارلوس براتھویٹ 74 رنز کے ساتھ ٹاپ سکورر رہے، امیش یادیو اور محمد شامی نے چار، چار وکٹیں حاصل کیں۔

تفصیلات کے مطابق سر ویون رچرڈز سٹیڈیم میں جاری ٹیسٹ کے تیسرے روز ویسٹ انڈیز کی ٹیم بھارت کی پہلی اننگز 566 رنز کے جواب میں 243 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی اور اسے فالو آن کی خفت کا سامنا کرنا پڑا، کارلوس براتھویٹ 74 اور شین ڈورچ 57 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔ راجیندرا چندریکا 16 ، دیوندرا بشو 12 ، ڈیرن براوو 11 ، مارلون سیموئلز ایک، جرمائن بلیکووڈ صفر، روسٹن چیز 23 اور کپتان جیسن ہولڈر بغیر کوئی رن بنائے آؤٹ ہوئے۔

(جاری ہے)

بھارت کی جانب سے امیش یادیو اور محمد شامی نے چار، چار جبکہ امیت مشرا نے دو وکٹیں حاصل کیں۔ فالو آن کے بعد بھی ویسٹ انڈیز کی ٹیم سنبھل نہ سکی اور اس کی پہلی وکٹ دو کے مجموعی سکور پر گئی، تیسرے روز کھیل کے اختتام پر ویسٹ انڈیز نے ایک وکٹ کے نقصان پر 21 رنز بنا لئے اور اسے اننگز کی شکست سے بچنے کیلئے مزید 302 رنز درکار ہیں۔

وقت اشاعت : 24/07/2016 - 12:34:03

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :

متعلقہ عنوان :