روجر فیڈرر انجری کے باعث اگلے ماہ ہونے والے ریو اولمپک سے باہر ہوگئے

بدھ 27 جولائی 2016 12:57

روجر فیڈرر انجری کے باعث اگلے ماہ ہونے والے ریو اولمپک سے باہر ہوگئے

زیوریخ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔27 جولائی ۔2016ء)سابق عالمی نمبرایک سوئٹزرلینڈ کے ٹینس اسٹار روجر فیڈرر انجری کے باعث اگلے ماہ ہونے والے ریو اولمپک سے باہر ہوگئے ہیں جبکہ سیزن کے بقیہ مقابلوں میں بھی حصہ نہیں لیں گے۔فیڈرر نے اپنے فیس بک پیغام میں کہا کہ میں انتہائی مایوسی کے ساتھ اعلان کررہا ہوں کہ میں ریو میں اولمپک مقابلوں میں سوئٹزرلینڈ کی نمائندگی نہیں کرپاوٴں گا اور میں بقیہ سیزن بھی نہیں کھیلوں گا ‘17 دفعہ گرینڈ سیلم جیتنے والے فیڈرر نے بتایا کہ اگر وہ کیریئر کو طول دینا چا ہتے ہیں تو بحالی کے عمل کو زیادہ توجہ دینے کی ضرورت ہے ‘34 سالہ فیڈرر رواں سال فروری میں گھٹنے کی انجری کے باعث زخمی ہو گئے تھے ‘ کمر کی تکلیف کی وجہ سے وہ فرنچ اوپن سے بھی باہر ہوگئے تھے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ میں نے رواں سال کے آغاز میں گھٹنے کی سرجری کے بعد بحالی کے عمل کو بہتر بنانے کیلئے ایک بہت مشکل فیصلہ کیا ہے۔فیڈرر نے کہا کہ ڈاکٹروں نے مشورہ دیا ہے کہ اگر میں اگلے چند سالوں میں بغیر انجری کے کھیلنا چاہتا ہوں تو ایسا کرنا پڑے گا اور مجھے اپنے دونوں گھٹنوں اور جسم کو بحالی کے لیے پورا وقت دینا ہوگا ‘روجرفیڈرر نے کہا کہ میرا منصوبہ ہے کہ ٹینس میں واپسی کیلئے اپنی پوری توانائی صرف کروں گا اور 2017 میں جارحانہ ٹینس کھیلوں۔

وقت اشاعت : 27/07/2016 - 12:57:58