ریو اولمپکس: قومی دستے کو 60 لاکھ روپے کی خصوصی گرانٹ دینے کے احکامات جاری

جمعہ 29 جولائی 2016 14:25

ریو اولمپکس: قومی دستے کو 60 لاکھ روپے کی خصوصی گرانٹ دینے کے احکامات جاری

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔29 جولائی۔2016ء) ریو اولمپکس کیلیے قومی دستے کو 60 لاکھ روپے کی خصوصی گرانٹ دینے کے احکامات جاری کر دیے گئے۔تفصیلات کے مطابق برازیلین دارالحکومت ریوڈی جنیرو میں شیڈول اولمپکس 2016 میں شرکت کیلیے قومی دستے کو60 لاکھ روپے کی خصوصی گرانٹ ملے گی، اس حوالے سے احکامات جاری کر دیے گئے ہیں۔ ملکی تاریخ کا مختصر ترین 17رکنی دستہ اولمپکس میں شرکت کرے گا، 7 کھلاڑیوں کے ساتھ10 ا آفیشلز بھی برازیل جائیں گے۔

وفاقی وزیر برائے بین الصوبائی رابطہ میاں ریاض حسین پیرزادہ، پاکستان اسپورٹس بورڈ کے ڈائریکٹر جنرل ڈاکٹر اختر نواز، ڈائریکٹر میڈیکل پاکستان اسپورٹس بورڈ ڈاکٹر وقاراحمد، پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن کے صدر لیفٹیننٹ جنرل عارف حسن، پی او اے کے جنرل سیکریٹری خالد محمود، پاکستان میں انٹرنیشنل اولمپک کمیٹی کے ممبر شاہد بھی دستے میں شامل ہونگے، پاکستان بیس بال فیڈریشن کے شوکت جاوید چیف ڈی مشن ہونگے۔

(جاری ہے)

ایتھلیٹکس ایونٹ میں محبوب علی، نجمہ پروین، شوٹنگ میں غلام مصطفیٰ، مناہل سہیل، سوئمنگ میں لیانا کیتھرائن، حارث بانڈے، جوڈو میں شاہ حسین شاہ ایکشن میں ہوں گے۔ پاکستانی دستہ یکم اگست کو لاہور سے برازیل کیلیے اڑان بھرے گا، وفاقی وزیر اور ڈی جی اسپورٹس بورڈ 2اگست کو اسلام آباد سے روانہ ہوں گے، پاکستان اسپورٹس بورڈکی طرف سے کھلاڑیوں کو ایئر ٹکٹ کی مد میں ایک لاکھ 80 ہزار جبکہ ڈیلی الاؤنس کیلیے30 ہزار روپے دیے جائیں گے، انٹرنیشنل ایونٹ کیلیے پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن کو ایونٹ کے ایکریڈیشن کارڈز موصول ہوگئے ہیں،پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن نے اپنا ہوم ورک مکمل کرکے فائنل کیس وزارت بین الصوبائی رابطہ کو ارسال کردیا۔

پاکستان میں متعین برازیلین سفیر گارڈیا لائنر نے کہا کہ ریو اولمپکس کا انعقاد برازیلین حکومت اور عوام کیلیے اعزاز ہے، میگا ایونٹ کے لیے تمام تر تیاریاں ہو چکیں،گیمز کو شاندار انداز میں آرگنائزرکرنے کیلیے تمام منصوبہ بندی مکمل کرلی گئی ہے۔۔

وقت اشاعت : 29/07/2016 - 14:25:37