دوسرا ٹی ٹونٹی : پاکستان نے ویسٹ انڈیز کو 16رنز سے ہرا کر سیریز جیت لی

اتوار 25 ستمبر 2016 00:36

دوسرا ٹی ٹونٹی : پاکستان نے ویسٹ انڈیز کو 16رنز سے ہرا کر سیریز جیت لی

دبئی(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار24 ستمبر۔2016ء )دوسرے ٹی ٹونٹی میں پاکستان نے ویسٹ انڈیز کو 16رنز سے ہرا کر سیریز جیت لی۔ دبئی کے انٹرنیشنل کرکٹ سٹیڈیم میں کھیلے جارہے سیریز کے دوسرے ٹی ٹونٹی میں ویسٹ انڈیز کے کپتان کارلوس بریتھ ویٹ نے ٹاس جیت کر پاکستان کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی، شرجیل خان اور خالد لطیف نے اننگز کا آغاز کیا لیکن شرجیل زیادہ دیر وکٹ پر نہ رک سکے اور تیسرے ہی اوور میں 2 رنز بنا کر بولڈ ہوگئے جس کے بعد بابر اعظم بیٹنگ کے لیے آئے اور خالد لطیف کے ہمراہ سکور آگے بڑھانا شروع کیا تاہم وہ بھی 19رنز بنا کر پوویلین لوٹ گئے ،شعیب ملک اور خالد لطیف کے مابین تیسری وکٹ کے لیے 27رنز کی پارٹنر شپ قائم ہوئی جس کے بعد خالد لطیف دوسرارن لینے کی کوشش میں 40کے انفرادی سکور پر رن آؤٹ ہوگئے ۔

(جاری ہے)

شعیب ملک نے سرفراز کے ہمراہ 46گیندوں پر 69رنز جوڑے جس کے بعد ملک 37رنز بنا کر براوو کے ہاتھوں پوویلین لوٹے اور پھر عمر اکمل کپتان کا ساتھ نبھانے آئے ، سرفراز احمد آخر تک کریز پر ڈٹے رہے اور 46 رنز بناکر نمایاں رہے ۔ ہدف کے تعاقب میں ویسٹ انڈین بلے باز کریز پر آئے تو شاہینوں نے اپنی باؤلنگ سے انہیں زیادہ دیر ٹکنے نہ دیا، جانسن چارلس 10 رنز بنا کر عماد وسیم کی گیند پر عمر اکمل کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے اور لیوس کو سہیل تنویر نے صرف 3 رنز پر ہی چلتا کیا۔

مہمان ٹیم کاکوئی بھی بلے باز پاکستانی باؤلنگ کے سامنے زیادہ دیر تک قدم نہ جما سکا اور پوری ٹیم مقررہ اوورز میں 161 رنز ہدف حاصل کرنے میں ناکام رہی اور144 رنز تک محدود رہی۔پاکستان کی جانب سے سہیل تنویر نے اور حسن علی نے شاندار باؤلنگ کرتے ہوئے 3،3 وکٹیں حاصل کیں جب کہ عماد وسیم اور محمد نواز نے ایک، ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔ ۔واضح رہے کہ گزشتہ روز کھیلے گئے پہلے میچ میں پاکستان نے عماد وسیم کی شاندار باؤلنگ کی بدولت ویسٹ انڈیز کو 9 وکٹوں سے شکست دی تھی،27سالہ آل راؤنڈر نے اس میچ میں صرف 14 رنز کے عوض 5 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جس کے بعد وہ ٹی ٹونٹی میں 5 وکٹیں حاصل کرنے والے پہلے پاکستانی سپنر بھی بن گئے ۔

وقت اشاعت : 25/09/2016 - 00:36:30