ملک میں انٹرنیشنل سکواش کی بحالی میں چیف آف ایئرمارشل سہیل امان کا اہم کردار ہے، جان شیر خان

ہمارے ہاں کھیلوں کے ٹیلنٹ کی کوئی کمی نہیں ، ضرورت سہولیات اور بے روز گاری کی ہے‘سابق عالمی چمپئن

اتوار 25 ستمبر 2016 12:09

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 25 ستمبر - 2016ء)سابق عالمی چیمپئن جان شیر خان نے کہا ہے کہ ملک میں انٹرنیشنل سکواش کی بحالی میں پاکستان سکواش فیڈریشن کے صدر چیف آف ایئرمارشل سہیل امان کا بہت اہم کردار ہے کیونکہ لاہور میں سری لنکا کرکٹ ٹیم کے حملے کے بعد کوئی کھلاڑی پاکستان کھیلے کے لئے تیار نہیں تھا، انہوں نے کہا کہ چیف آف ایئرمارشل سہیل امان جو کہ پاکستان سکواش فیڈریشن کے صدر بھی ہیں نے اس سال جو 6 انٹرنیشنل سکواش ٹورنامنٹس کے انعقاد کا اعلان کیا تھا وہ پورا ہونے کو جار ہا ہے، جن میں سے دو ٹورنامنٹس کراچی اور لاہور میں کھیلے جا چکے ہیں، اور اب تیسرا ٹورنامنٹس گذشتہ روز سے اسلام آباد کے مصحف سکواش کمپلیکس میں شروع ہوچکا ہے،جس میں انٹرنیشنل کھلاڑی شرکت کر رہے ہیں، جان شیر خان نے کہا کہ اسی طرح چوتھا ٹورنامنٹ چیف آف نیول سٹاف انٹر نیشنل سکواش ٹورنامنٹ 14سے 22اکتوبر اور پانچواں ٹورنامنٹ چیف آف ایئر سٹاف انٹر نیشنل سکواش ٹورنامنٹ 15سے 22نومبر تک جبکہ چھٹا ٹورنامنٹ پی ایس ایف پاکستان انٹرنیشنل 4 سے 11دسمبر تک کھیلا جائے گا، یہ تین ٹورنامنٹس کا بھی انعقاد اسلام آباد میں ہوگا، ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ہمارے ہاں کھیلوں کے ٹیلنٹ کی کوئی کمی نہیں ، ضرورت سہولیات اور بے روز گاری کی ہے-

وقت اشاعت : 25/09/2016 - 12:09:16