ایوریج ٹیم کیخلاف شکست، رمیز راجا نے تبدیلوں کو ’’نام نہاد تجربہ‘‘ قرار دیدیا

بیٹنگ پوزیشنز تبدیل ہونے کا نقصان پاکستان ٹیم کو شکست کی صورت میں اٹھانا پڑرہا ہے ، ہمارے بیٹرز مارڈن ڈے ٹی ٹونٹی فارمیٹ اپنانے میں اپنی وکٹیں گنوا رہے ہیں : سابق کرکٹر

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب جمعہ 26 اپریل 2024 15:29

ایوریج ٹیم کیخلاف شکست، رمیز راجا نے تبدیلوں کو ’’نام نہاد تجربہ‘‘ قرار دیدیا
لاہور (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 26 اپریل 2024ء ) سابق ٹیسٹ کرکٹر و چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) رمیز راجا نے نیوزی لینڈ کی ایوریج ٹیم کیخلاف شکست پر تبدیلیوں کو “نام نہاد تجربہ” قرار دیدیا۔ اپنے یوٹیوب چینل پر پاکستانی ٹیم کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے 61 سالہ سابق ٹیسٹ کرکٹر رمیز راجا نے کہا کہ بینچ سٹرنتھ کا بہانہ بنانے کے بجائے میچ جیتنے پر توجہ دینے کی اہمیت پر بھی زور دیں، اِن فیصلوں سے ٹیم کا حوصلہ پست ہورہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ٹیم میں ‘نام نہاد تجربہ’ ہورہا ہے، وہی کھلاڑی کھیل رہے ہیں، بس ان کی پوزیشنز تبدیل کی جارہی ہیں، جس کا ٹیم کو نقصان ہورہا ہے۔ بینچ سٹرنتھ کا مطلب دوسروں کھلاڑیوں کو موقع دینا ہوتا ہے، شکست پر جواز دینا بند کریں اور پرفارمنس پر دھیان دیں۔

(جاری ہے)

رمیز راجا نے سوال اٹھایا کہ آئی سی سی ٹی ٹونٹی ورلڈکپ سے قبل ایسے تجربات کا مجھے سمجھ نہیں آرہا کیا مطلب ہے؟۔

میگا ایونٹ سے قبل ٹیم سیٹ ہوتی ہے یہاں نیوزی لینڈ کی ایوریج ٹیم سے شکست ہورہی ہے۔ سابق کرکٹر نے کہا کہ ہمارے بیٹرز مارڈن ڈے ٹی ٹونٹی فارمیٹ اپنانے میں اپنی وکٹیں گنوارہے ہیں، سٹرائیک ریٹ وقت کے ساتھ تبدیل ہوتا ہے، فوراً نتائج حاصل نہیں ہوتے، ورنہ نتیجہ یہی ہوگا۔ واضح رہے کہ گزشتہ روز لاہور کے قذافی سٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں نیوزی لینڈ کی سی ٹیم نے پاکستان کو ہوم گراؤنڈ کو 4 رنز سے شکست دیکر سیریز میں 1-2 کی برتری حاصل کرلی ہے۔
وقت اشاعت : 26/04/2024 - 15:29:39

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :