دوسرا ٹیسٹ،ویسٹ انڈیز نے پہلی اننگز میں 6وکٹیں کھو کر151 رنز بنا لیے

اتوار 23 اکتوبر 2016 13:05

دوسرا ٹیسٹ،ویسٹ انڈیز نے پہلی اننگز میں 6وکٹیں کھو کر151 رنز بنا لیے

ابو ظہبی (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار23اکتوبر۔2016ء )3ٹیسٹ میچز کی سیریز کے دوسرے مقابلے میں پاکستان کے 452رنز کے جواب میں ویسٹ انڈیز نے تیسرے دن کھانے کے وقفے پر 6وکٹیں کھو کر 151رنز بنا لیے ہیں ۔ابو ظہبی کے شیخ زید سٹیڈیم میں کھیلے جا رہے ٹیسٹ میں ویسٹ انڈیز نے تیسرے روز اپنی پہلی نامکمل اننگز کا آغاز کیا تو دوندرا بشو اور جرمائن بلیک ووڈ بغیر کھاتا کھولے وکٹ پر موجود تھے ، بلیک ووڈ 8 رنز بنا کر راحت علی کا شکار بنے جب کہ بشو 20رنز بنا کر آؤٹ ہوئے،چیز 11 اور ہوپ 1 رن کے ساتھ وکٹ پر موجود ہیں۔

پاکستان کے لیے راحت علی نے 3جبکہ سہیل خان اور یاسر نے ایک ،ایک شکار کیا۔اس سے قبل ٹیسٹ کے دوسرے روز پاکستان نے اپنی پہلی نامکمل اننگز 304 رنز 4 کھلاڑی آؤٹ پر شروع کی تو مصباح الحق 90 اور نائٹ واچ مین یاسر شاہ بغیر کھاتا کھولے وکٹ پر موجود تھے، یاسر شاہ 23 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جب کہ کپتان مصباح الحق نروس نائنٹیز کا شکار ہوئے اور 96 رنز بنا کر ایل بی ڈبلیو ہو گئے، سرفراز احمد نے 56 رنز کی اننگز کھیلی جب کہ محمد نواز نے 25 اور سہیل خان نے 26 رنز کی اننگز کھیلی۔

(جاری ہے)

ویسٹ انڈیز کی جانب سے شینن گیبریل نے 5 اور جیسن ہولڈ نے 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جب کہ روندرا بشو اور کریگ بریتھ ویٹ کے حصے میں ایک ایک وکٹ آئی جب کہ قومی بولروں نے ویسٹ انڈین بیٹسمینوں کو پریشان کیے رکھا، راحت علی نے 2 اور یاسر شاہ نے ایک وکٹ حاصل کی۔اس سے قبل ٹیسٹ کے پہلے روز پاکستان کی جانب سے اظہر علی اور سمیع اسلم نے اننگز کا آغاز کیا لیکن پہلے میچ میں ٹرپل سنچری بنانیوالے اظہر علی بغیر کوئی رن بنائے گیبریل کی گیند پر بولڈ ہوکر پویلین لوٹ گئے ۔

سمیع اسلم اور اظہر علی میں دوسری وکٹ کیلئے 36رنز کی پارٹنر شپ قائم ہوئی جس کے بعد سمیع 6رنز بنا کر بشو کی گیند پر بولڈ ہوگئے جس کے بعد اسد شفیق ڈینگی کو شکست دیکر ٹیم میں واپسی کرنیوالے یونس خان کے ہمراہ تیسری وکٹ کے لیے 87 رنز جوڑنے کے بعد 68 کے انفرادی سکور پر آؤٹ ہو گئے ۔یونس خان وکٹ پر ڈٹے رہے اور کپتان مصباح الحق کے ہمراہ 175 رنز کی شراکت داری قائم کی، اس دوران تجربہ کاربیٹسمین نے اپنے کیریئر کی 33 ویں سنچری سکور کی لیکن وہ پہلے دن کے اختتام سے کچھ اوور پہلے ہی 127 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئے ۔

قبل ازیں ٹاس جیت کر کپتان مصباح الحق کا کہنا تھا کہ پنک بال سے کھیلتے وقت غیر یقینی صورت حال کا سامنا تھا کیونکہ آپکو نہیں پتا چلتا کہ بال کب سوئنگ ہو نا شروع ہوجائے لیکن سرخ بال سے کھیلنے میں آسانی محسوس کرتے ہیں۔ دوسری جانب ویسٹ انڈین کپتان جیسن ہولڈر کا کہنا تھا کہ وکٹ خشک ہے ، ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا ہی فیصلہ کرتے لیکن سرخ بال سے گیند کرانے میں آسانی ہوگی۔

قومی ٹیم کے کپتان کا کہنا تھا کہ ٹیم میں 3 تبدیلیاں کی گئی ہیں، بابر اعظم کی جگہ یونس خان کو شامل کیا گیا ہے جبکہ وہاب ریاض اور محمد عامر کو آرام دیکر راحت علی اور ذوالفقار بابر کو موقع دیا گیا ہے ۔واضح رہے کہ پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے درمیان دبئی میں کھیلے جانیوالے پہلے ڈے اینڈ نائٹ ٹیسٹ میں گرین کیپس نے کالی آندھی کو 56 رنز سے شکست دی تھی۔

وقت اشاعت : 23/10/2016 - 13:05:53