ویمنز ٹی ٹونٹی ایشیا کپ، بائولرز کی تباہ کن بائولنگ کی بدولت بھارت نے نیپال کو بآسانی 99 رنز سے شکست دے دی

نیپال کی ٹیم کی کوئی کھلاڑی دوہرا ہندسہ بھی عبور نہ کرسکی121 رنز کے تعاقب میں پوری ٹیم 21 رنز پر ڈھیر

جمعہ 2 دسمبر 2016 11:54

بنکاک ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 02 دسمبر2016ء) بھارتی بائولرز کی انتہائی شاندار بائولنگ کی بدولت بھارت کی ویمن ٹیم نے ایشین کرکٹ کونسل ویمنز ٹی ٹونٹی ایشیا کپ کے ایک میچ میں نیپال کی ٹیم کو بآسانی 99 رنز سے شکست دے دی۔ بھارتی ٹیم کی بائولرز نے انتہائی شاندار بائولنگ کا مظاہرہ کیا جس کے سامنے نیپالی ٹیم بالکل بے بس نظر آئی اور خزاں رساں پتوں کی طرح پویلین لوٹتی چلی گئی، بائولرز نے نیپالی ٹیم کو سنبھلنے کا موقع ہی فراہم نہ کیا نیپال کی ٹیم کی کوئی کھلاڑی دوہرا ہندسہ بھی عبور نہ کرسکیں۔

(جاری ہے)

بھارتی ٹیم نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 120 رنز بناکر نیپالی ٹیم کو میچ میں کامیابی کے لئے 121 رنز کا ہدف دیا۔ شیخا پانڈے نا قابل شکست 39 اور ویلا شوامی وانیتھا 21 رنز کے ساتھ نمایاں رہیں۔ جواب میں بھارتی بائولرز کے سامنے نیپالی ٹیم ریت کی دیوار ثابت ہوئی اور پوری ٹیم محض 21 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔ بھارت کی طرف سے عمدہ بائولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے پونم یادوو نے 3، انوجا پٹیل اور میگھانا نے 2,2 جبکہ شیخا پانڈے، مانسی جوشی اکتا بیست نے ایک ایک کھلاڑی کو آئوٹ کیا اور یوں بھارتی ٹیم نے نیپال کی ٹیم کو میچ میں بآسانی 99 رنز سے شکست دے دی۔
وقت اشاعت : 02/12/2016 - 11:54:11

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :

متعلقہ عنوان :