کیویز کے خلاف سیریز کلین سوئپ کیلئے کارکردگی کو برقرا رکھنا ہوگی۔ ڈیوڈ وارنر

بدھ 7 دسمبر 2016 11:12

میلبورن ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 07 دسمبر2016ء) آسٹریلین کرکٹ ٹیم کے مایہ ناز اوپننگ بلے باز ڈیوڈ وارنر نے کہا ہے کہ نیوزی لینڈ کے خلاف تیسرے اور آخری ون ڈے میچ میں کامیابی کے لئے کارکردگی کو برقرار رکھنا ہوگی، انہوں نے کہا کہ انکی ٹیم مکمل طور پر فٹ اور بھر پور فارم میں ہے اور کیویز کے خلاف آخری ون ڈے میچ کے لئے میدان میں اترنے کو بے تاب ہے۔

انہوں نے کہا مسلسل دو میچوں میں کامیابی کے باوجود کیویز کو آخری ون ڈے میچ میں آسان نہیں لیں گے۔ کینگروز کو تین میچوں کی سیریز میں کیویز کے خلاف 2-0 کی فیصلہ کن برتری حاصل ہے۔ ڈیوڈ وارنر نے کہا ہے کہ وہ تیسرے میچ میں بھی عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنی ٹیم کی فتح میں اہم کردار ادا کرینگے۔

(جاری ہے)

آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ کی ٹیموں کے درمیان تیسرا اور آخری ون ڈے میچ (کل) جمعہ کو میلبورن میں کھیلا جائیگا۔

اپنے ایک بیان میں ڈیوڈ وارنر نے کہا کہ موجودہ کمبی نیشن کے ساتھ ٹیم دنیا کی کسی بھی ٹیم کو ہرانے کی صلاحیت رکھتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کیویز کے خلاف آخری میچ میں ٹیم کو مربوط حکمت عملی کے تحت جیت کے لئے میدان میں اتارینگے اور کیویز کو شکست دیکر تین میچوں کی سیریز کلین سوئپ کرینگے۔ انہوں نے کہا کہ پہلے دو میچوں میں مسلسل کامیابی کے باوجود نیوزی لینڈ کی ٹیم کو آسان نہیں لینگے۔
وقت اشاعت : 07/12/2016 - 11:12:32