جسٹن لینگر سری لنکا کے خلاف ٹی 20 سیریز کیلئے آسٹریلوی ٹیم کے کوچ مقرر

جمعہ 9 دسمبر 2016 13:25

جسٹن لینگر سری لنکا کے خلاف ٹی 20 سیریز کیلئے آسٹریلوی ٹیم کے کوچ مقرر

سڈنی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 09 دسمبر2016ء) کرکٹ آسٹریلیا نے سری لنکا کے خلاف ٹی 20 سیریز کیلئے سابق ٹیسٹ کرکٹر جسٹن لینگر کی بطور کوچ خدمات حاصل کر لیں، وہ فروری میں سری لنکا کے خلاف ہوم ٹی 20 سیریز میں کوچنگ کے فرائض انجام دیں گے۔ جسٹن لینگر جو ویسٹرن آسٹریلیا کے کوچ ہیں اس سے قبل جون میں ہونے والی تین ملکی ون ڈے سیریز میں کوچنگ کے فرائض انجام دے چکے ہیں۔

(جاری ہے)

کرکٹ آسٹریلیا کے ایگزیکٹو جنرل مینجر آف ٹیم پرفارمنس نے کہا ہے کہ ہمیں خوشی ہے کہ جسٹن لینگر نے سری لنکا کے خلاف ٹی 20 سیریز میں قومی ٹیم کی کوچنگ کیلئے رضامندی ظاہر کر دی ہے، ان کی سہ ملکی سیریز میں کارکردگی انتہائی شاندار رہی۔ جسٹن لینگر کا کہنا ہے کہ وہ نئی ذمہ داری کو احسن طریقے سے نبھانے کی کوشش کریں گے، اس سے قبل تین ملکی ون ڈے سیریز میں قومی ٹیم کے ساتھ کام کرکے بہت مزہ آیا، دوبارہ موقع ملنے پر بہت خوش ہوں اور امید ہے کہ ٹیم آئی لینڈرز کے خلاف عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کرے گی۔ واضح رہے کہ سری لنکا کی ٹیم فروری میں آسٹریلیا کا دورہ کرے گی جہاں وہ تین ٹی 20 میچوں کی سیریز کھیلے گی۔

وقت اشاعت : 09/12/2016 - 13:25:48

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :

متعلقہ عنوان :