اللہ کے بعد مجھے شریف خاندان پر بھروسہ ہے، عمر اکمل کی ٹیم میں واپسی کی کوششیں تیز

کافی عرصے سے مجھے کرکٹ نہیں کھیلنے دی جارہی، ٹیسٹ کرکٹر کا شکوہ

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب جمعرات 18 اپریل 2024 11:46

اللہ کے بعد مجھے شریف خاندان پر بھروسہ ہے، عمر اکمل کی ٹیم میں واپسی کی کوششیں تیز
لاہور (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 18 اپریل 2024ء ) قومی ٹیم کے مڈل آرڈر بیٹر عمر اکمل کا کہنا ہے کہ اللہ کے بعد مجھے شریف خاندان پر بھروسہ ہے۔ مقامی ٹی وی چینل پر بات کرتے ہوئے مڈل آرڈر بیٹر عمر اکمل نے کہا کہ ہر فرد کے ذاتی رابطے ہوتے ہیں، میں نواز شریف اور وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز صاحبہ کا شکر گزار ہوں جنہوں نے مجھے ہمیشہ وقت دیا۔ عمر اکمل نے شکوہ کیا کہ میری زندگی میں کچھ مسائل آئے جس نے مجھے پریشان کیا، کافی عرصے سے مجھے کرکٹ نہیں کھیلنے دی جارہی ہے۔

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) میں جو بڑے بیٹھے ہیں وہ مجھ سے پرسنل ہورہے ہیں، میں نے اپنی پرفارمنس دکھائی اور درخواست کی کہ موقع دیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ اللہ کے بعد مجھے شریف خاندان پر بھروسہ ہے، انشااللہ اگر موقع ملا تو انٹرنیشنل کرکٹ میں کم بیک کروں گا۔

(جاری ہے)

واضح رہے کہ گزشتہ برس اگست میں عمر اکمل سابق وزیراعظم نواز شریف سے ملنے لندن گئے تھے، جہاں میڈیا سے بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ نواز شریف کی واپسی سے کرکٹ میں بہتری آئے گی اور ایک درخواست کی ہے امید ہے جلد قبول ہوجائے گی۔

خیال رہے کہ 34 سالہ عمر اکمل نے آخری بار پاکستان کی نمائندگی کرتے ہوئے اکتوبر 2019ء میں سری لنکا کے خلاف ٹی ٹونٹی میچ کھیلا تھا۔                                                                                               
وقت اشاعت : 18/04/2024 - 11:46:32

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :