گاڑی فائرنگ کیس، وسیم اکرم نے ملزمان سے صلح کرلی

منگل 17 جنوری 2017 14:21

گاڑی فائرنگ کیس، وسیم اکرم نے ملزمان سے صلح کرلی

کراچی(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار17جنوری۔2016ء ) جوڈیشل مجسٹریٹ شرقی کی عدالت میں قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان وسیم اکرم نے گاڑی پر فائرنگ سے متعلق کیس میں ملزمان سے کیاگیا صلح نامہ جمع کروادیا ہے ۔تفصیلات کے مطابق لیجنڈری فاسٹ باؤلر کی گاڑی پر فائرنگ سے متعلق کیس کی سماعت جوڈیشل مجسٹریٹ شرقی کی عدالت میں ہوئی جہاں ان کے منیجر نے عدالت کو بتایا کہ وسیم اکرم نے ملزمان سے صلح کرلی ہے ،سابق کپتان کے پیش نہ ہونے پر عدالت نے ریمارکس دیے کہ وسیم اکرم کو بلوائیں ورنہ تفتیشی افسر سے گرفتار کرواکر لائیں گے ،تھوڑی ہی دیر بعد وسیم اکرم نے عدالت میں پیش ہوکر صلح نامہ جمع کرادیا جسے عدالت نے منظور کرتے ہوئے مقدمہ خارج کردیا ۔

واضح رہے کہ 6اگست 2015ء کو کراچی کے نیشنل کرکٹ سٹیڈیم میں جاری نوجوان فاسٹ باؤلرز کے تربیتی کیمپ کی سربراہی کیلئے آنیوالے وسیم اکرم کی گاڑی کو کارساز روڈ پر حادثہ پیش آیا تھا۔

(جاری ہے)

وسیم اکرم کی حادثے میں ملوث گاڑی کے ڈرائیور سے تلخ کلامی ہوئی تھی لیکن اسی دوران گاڑی کی پچھلی سیٹ پر بیٹھے ہوئے شخص نے وسیم اکرم کی گاڑی پر فائر کردیا تھا۔

فیروز آباد تھانے کی پولیس نے واقعے کا مقدمہ درج کر لیا تھا جس کے بعد مرکزی ملزم میجر ریٹائرڈ عامر الرحمن نے عدالت سے ضمانت حاصل کر لی تھی۔بعدازاں میجر ریٹائرڈ عامر الرحمن نے ایک خط میں وسیم اکرم سے غیر مشروط معافی مانگتے ہوئے ٹریفک حادثے کے نتیجے میں رونما ہونے والے واقعے کو افسوسناک قرار دیتے ہوئے کہا تھا کہ وہ اور ان کے اہل خانہ، عظیم فاسٹ باؤلر کے بہت بڑے مداح ہیں۔

وقت اشاعت : 17/01/2017 - 14:21:52