سیریز میں کامیابی کے لیے معمولی غلطیوں کی بھی گنجائش نہیں ہے، مکی آرتھر

کہ جنید خان نوبال کرنے کے عادی نہیں ہیں بلکہ یہ ان کی غلطی تھی تاہم ان کی اس غلطی کی ٹیم کو تیسرے میچ میں بھاری قیمت چکانی پڑی اظہر علی بہتر ہورہے ہیں رننگ اور فیلڈنگ بھی ٹھیک ہے اگلے میچ میں واپسی کیلئے پرامید ہیں ، ہیڈ کوچ

جمعہ 20 جنوری 2017 16:42

پرتھ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 20 جنوری2017ء)پاکستان کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ مکی آرتھر نے تیسرے میچ میں جنید خان کی نوبال کو غلطی قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ سیریز میں کامیابی کے لیے معمولی غلطیوں کی بھی گنجائش نہیں ہے۔مکی آرتھر نے کہا کہ جنید خان نوبال کرنے کے عادی نہیں ہیں بلکہ یہ ان کی غلطی تھی تاہم ان کی اس غلطی کی ٹیم کو تیسرے میچ میں بھاری قیمت چکانی پڑی تھی۔

آسٹریلیا نے تیسرے میچ میں پاکستان کو 7 وکٹوں سے شکست دے کر سیریز میں 2-1 کی برتری حاصل کی تھی۔پاکستانی ٹیم میں واپسی کرنے والے فاسٹ باؤلر جنید خان نے آسٹریلیا کی جانب سے اپنا پہلا میچ کھیلنے والے بلیباز پیٹرہینڈزکومب کو آؤٹ کیا تھا لیکن نوبال کے باعث انھیں قیمتی موقع ملا جبکہ چار اوور بعد ان کی گیند پر ہینڈزکومب کا کیچ گرا دیا گیا جس میں ان کی جانب سے دوبارہ وہی غلطی دہرائی گئی۔

(جاری ہے)

ہینڈز کومب نے 82 رنز بنا کر ٹیم کو جیت دلوانے کے لیے اسٹیو اسمتھ کا بھرپور ساتھ دیا تھا۔مکی آرتھر نے جنید خان پر بات کرتے ہوئے کہا کہ 'وہ نوبال کرنے کا عادی نہیں، انھیں میدان میں چلنی والی ہلکی ہوا سے مشکلات پیش آرہی تھی'۔ان کا کہنا تھا کہ 'لیکن اب بھی یہ کوئی قابل قبول وجہ نہیں ہے ہمیں اپنے پاؤں لکیر سے پیچھے رکھنے ہوں گی'۔آرتھر نے کہا کہ ان کی ٹیم کو اگر سیریز میں حقیقی جیت حاصل کرنی ہے تو اس طرح کی معمولی غلطیاں برداشت نہیں کرسکتے۔

ہیڈ کوچ نے چوتھے میچ میں کپتان اظہرعلی کی واپسی کی خبر سناتے ہوئے کہا کہ 'وہ اچھی پریکٹس کررہے ہیں اور رننگ میں بھی بہتر ہیں جبکہ فیلڈنگ میں بھی ٹھیک ہوگئے ہیں اس لیے ہم اتوار کو ہونے والے میچ میں ان کی واپسی کے لیے پرامید ہیں'۔ان کا کہنا تھا کہ 'ان کے آنے سے ہماری ٹیم کو بڑا سہارا ملے گا اور ہماری بلے بازی کو بھی بڑا سہارا ہوگا اور میں ان کی واپسی کے لیے پرعزم ہوں'۔پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان اتوار کو سیریز کا چوتھا میچ کھیلا جائے گا۔
وقت اشاعت : 20/01/2017 - 16:42:23