راجر فیڈرر 18ویں گرینڈسلام ٹائٹل کی طرف گامزن، 13ویں مرتبہ آسٹریلین اوپن مینز سنگلز سیمی فائنل میں پہنچ گئے

سوئس سٹار 1978ء کے بعد آسٹریلین اوپن کے سیمی فائنل میں پہنچنے والے زائدالعمر کھلاڑی بھی بن گئے

منگل 24 جنوری 2017 19:47

راجر فیڈرر 18ویں گرینڈسلام ٹائٹل کی طرف گامزن، 13ویں مرتبہ آسٹریلین اوپن مینز سنگلز سیمی فائنل میں پہنچ گئے
میلبورن ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 جنوری2017ء) سوئٹزرلینڈ کے سٹار پلیئر اور سابق عالمی نمبر ایک راجر فیڈرر کیریئر کے 18ویں گرینڈسلام ٹائٹل کی طرف پیش قدمی برقرار رکھتے ہوئے آسٹریلین اوپن ٹینس ٹورنامنٹ مینز سنگلز سیمی فائنل میں پہنچ گئے، فیڈرر نے کوارٹرفائنل میں ان سیڈڈ کھلاڑی میشا زیویرو کو شکست دے کر 13ویں مرتبہ ایونٹ کے سیمی فائنل میں پہنچنے کا اعزاز حاصل کیا، اس کے ساتھ ہی فیڈرر 1978ء کے بعد میگا ایونٹ کے سیمی فائنل میں پہنچنے والے زائدالعمر کھلاڑی بھی بن گئے۔

منگل کو آسٹریلیا میں جاری سال کے پہلے گرینڈسلام کے سلسلے میں کھیلے گئے مینز سنگلز کوارٹرفائنل میں سوئس سٹار فیڈرر نے عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے میشا زیویرو کو 6-1، 7-5 اور 6-2 سے زیر کر کے سیمی فائنل کیلئے کوالیفائی کیا، میشا نے 22 جنوری کو عالمی نمبر ایک اینڈی مرے کو اپ سیٹ شکست دے کر ایونٹ سے باہر کر دیا تھا۔

(جاری ہے)

فیڈرر 1978ء کے بعد آسٹریلین اوپن اور 1991ء کے بعد کسی بھی گرینڈسلام ٹورنامنٹ کے سیمی فائنل میں پہنچنے والے زائد العمر کھلاڑی بن گئے، فیڈرر نے 35 برس کی عمر میں یہ کارنامہ انجام دیا، 1978ء میں آرتھر ایشے نے آسٹریلین اوپن اور 1991ء میں جمی کونرز نے یو ایس اوپن کے سیمی فائنل میں پہنچ کر زائدالعمر کھلاڑی کا اعزاز پایا تھا، فیڈرر کو سیمی فائنل میں ہم وطن کھلاڑی واورینکا کا چیلنج درپیش ہو گا۔

وقت اشاعت : 24/01/2017 - 19:47:05