ْوطن عزیزکوعظیم ترمملکت بنانے کیلئے ’’ایماندارقیادت‘‘کو آگے لایاجائے‘سیاسی ومذہبی قائدین

ملکی ترقی کیلئے بروقت پرامن،منصفانہ ،آزادانتخابات از حدضروری ،پاکستان کااستحکام کیلئے اسلامی اقدار کاتحفظ اورجمہوریت کاتسلسل ناگزیر ہے‘ڈاکٹرراغب نعیمی ،ڈاکٹر اسد اشر ف،ولیداقبال

منگل 17 جولائی 2018 23:35

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 جولائی2018ء) جامعہ نعیمیہ کے ناظم ا علیٰ وممبراسلامی نظریاتی کونسل علامہ ڈاکٹر محمدراغب حسین نعیمی نے کہاہے کہ وطن عزیزکوعظیم ترمملکت بنانے کیلئے ’’ایماندارقیادت‘‘کو آگے لایاجائے۔ملکی ترقی کیلئے بروقت پرامن،منصفانہ ،آزادانتخابات از حدضروری ہیں۔پاکستان کااستحکام کے لیے اسلامی اقدار کاتحفظ اورجمہوریت کاتسلسل ناگزیر ہے۔

عالمی سطح پر پاکستان کانام پیداکیلئے ضروری ہے کہ صداقت،عدالت اورشجاعت جیسے اوصاف کے حامل امیدواروں کوکامیاب کرایاجائے،قوم میرٹ پر ووٹ دینے کی عادت اپنائے۔ائمہ مساجد کا معاشرے کی درستگی میں اہم کردار ہے،ائمہ مساجد ووٹ کی شرعی حیثیت اور اہلیت کے بارے میں عوام میں شعور بیدار کریں، ووٹ کا استعمال سوچ سمجھ کر اہل شخص کیلئے کیاجائے تاکہ ملک ترقی کی راہ پر گامزن ہوسکے۔

(جاری ہے)

علامہ اقبالؒ ایک عظیم فکری رہنماتھے جنہوں نے مسلم قوم درست سمت رہنمائی فرمائی۔جامعہ نعیمیہ ہمیشہ سے ایسے لوگوں کی توجہ کامرکزرہاہے جو مذہبی روایات امین اورجمہوریت پسند ہیں۔ان خیالات کااظہار انہوں نے گزشتہ روز جامعہ نعیمیہ میں’’پاکستان کی ترقی کارازپرامن ،منصفانہ انتخابات‘‘کے موضوع پر منعقدہ قومی سیمینارسے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

سیمینار سے تحریک انصاف کے مرکزی رہنماولید اقبال،مسلم لیگ ن کے سینیٹر ڈاکٹر اسداشرف،پاکستان پیپلزپارٹی کے رہنما عارف ظفر،جمعیت علماء پاکستان کے رہنماعلامہ نعیم جاوید نوری،شعورفائونڈیشن کے علی حمیدسمیت دیگر سیاسی مذہبی قائدین نے خطاب کیا۔جبکہ شیخ الحدیث مولانا غلام نصیر الدین،مفتی قیصر شہزاد نعیمی سمیت نعیمیہ انٹیکیچول فورم کے عہدیداران ،ممبران سمیت علماء کرام اورطلبہ کرام کی کثیرتعداد نے شرکت کی۔

سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے مسلم لیگ ن کے سینیٹر ڈاکٹراسداشرف نے کہاکہ ووٹ کوعزت دیئے بغیرملکی ترقی ناممکن ہے۔عوام اپنے ووٹ کاسٹ کرنے کے بعد اس کاتحفظ بھی یقینی بنائیں۔خلائی مخلوق کاکردارملکی سیاست میں ختم ہوناچاہیے۔پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی رہنما ولید اقبال نے اپنے خیالات کااظہارکرتے ہوئے کہاکہ پاکستان جمہوری کوششوں سے ہی معرض وجود میں آیا،جمہوریت کی مضبوطی کیلئے ہم سب کو کردار ادا کرناہوگا۔

مستونک میں ہونے والے بم دھماکے افسوسناک ہیں،عوام ووٹ تعلیم،صحت اورانسانیت کاتحفظ کرنے والے کرنے والے امیدواروں کودیں تاکہ ملک میں مثبت تبدیلی لائی جاسکے۔عوام کے ووٹ کی طاقت کوکسی صورت دبایانہیں جاسکتا۔پاکستان پیپلزپارٹی کے رہنما عارف ظفر نے کہاکہ ملکی ترقی کاراز آئین پاکستان کی مکمل پاسداری میں مضمرہے۔ہمارا ملکی آئین ختم نبوت،ناموس رسالت اورمذہبی اقدارکومکمل تحفظ فراہم کرتاہے۔نجم ولی خان نے کہاکہ ووٹ ڈالنا ایک قومی ذمہ دار ی ہے جسے ہرصورت پورا کیا جائے۔علی حمیدنے کہاکہ معاشرے کے تمام افراد کو یکساں مواقع فراہم ہوناچاہیں تاکہ وہ ملکی ترقی میں اپنامثبت کردار ادا کر سکیں۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں