
پانامہ تھیٹر
بدھ 13 اپریل 2016

خواجہ محمد کلیم
(جاری ہے)
دوسری طرف پاکستان میں جو طوفان بدتمیزی مچا ہوا ہے اس کا نشانہ خاص طور پر وزیراعظم میاں نواز شریف کی ذات ہے کیونکہ پانامہ دستاویزات میں ان کے بچوں کے نام شامل ہیں۔
کوئی بھی سیاسی جماعت یا دانشور وزیراعظم کے علاوہ دو سو سے زائد ان پاکستانی شخصیات کے نام لینے کی جرات نہیں کررہا جن کے نام پانامہ دستاویزات میں موجود ہیں شائد اس لیے کہ اس سے کچھ لوگوں کی نوکریوں کو بھی خدشہ لاحق ہے کیونکہ اس میں ذرائع ابلا غ کے بڑے بڑے نام ، ریٹائرڈ اورحاضر سروس جج بھی شامل ہیں۔میاں نواز شریف چونکہ وزیراعظم ہیں اور پاکستان میں سب سے آسان کام حکمرانوں پر تنقید ہے اس لئےطوفان کا رخ ان کی طرف ہے حالانکہ پانامہ دستاویزات کے مطابق پاکستان کے ایک معروف سیاسی خانوادے” سیف اللہ فیملی“ کے نام پر چونتیس آف شور کمپنیاں قائم ہیں ۔ لیکن پارلیمنٹ میں جتنا بھی شور شرابہ ہوا اس میں خاص طور پر اس بات کا خیال رکھا گیا کہ سابق وزیرداخلہ رحمان ملک،بینظیر بھٹو یا سیف اللہ خاندان کا نام بھولے سے بھی زبان پر نہ آئے۔ خیر رحمان ملک تو اسے” را“ کی سازش قرار دیتے ہیں ۔واہ سبحان اللہ! پارلیمنٹ میں ایک آواز آئی آل پارٹیز کانفرنس بلائی جائے۔
#اندھے کو اندھیر ے میں بہت دو ر کی سوجھی
اگر ”را“رحمان ملک کے خلاف سازش کر سکتی ہے تو وزیراعظم پاکستان کے خلاف تواسے ضرور سازش کرنی چاہیے تھی۔مسئلہ یہ نہیں کہ آف شور کمپنیاں کیوں قائم ہو ئیں ہیں یا بیرون ملک کاروبار کرنے پر کوئی قدغن ہے۔دنیا بھر میں پچاس کے قریب ریاستیںآ ف شور کمپنیاں قائم کرنے کی سہولت فراہم کرتی ہیں جس کا بنیادی فائدہ ٹیکس نہ دینے کہ سہولت ہے بعض صورتوں میں یہ ٹیکس بہت ہی معمولی بھی ہو سکتا ہے۔ظاہر ہے کسی بھی سرمایہ کار کے لئے یہ ایک پرکشش موقع ہوتا ہے اور
قانون کے دائرے میں کاروبار کرنا ہر ایک کا حق ہے چاہے وہ وزیراعظم یا اس کی اولاد ہی کیوں نہ ہو ۔ مجھے سخت الجھن ان دانشوروں سے ہوتی ہے جو خلافت راشدہ کی مثالیں دے کر یہ مطالبہ کرتے ہیں کہ حکمرانوں کو کاروبار نہیں کرنا چاہیے ۔ میراخیال ہے اس مطالبے کی آڑ میں وہ حکمرانوں کو کرپشن کی راہ دکھانے کا اہتمام کرتے ہیں۔دنیا میں بوریا نشین حکمران میں نے تو موجودہ دور میں کوئی دیکھا سنا نہیں تو پھر اگر حکمران ذاتی کاروبار بند کردیں تو اپنے اور اہل خانہ کے ذاتی خرچ کہاں سے چلائیں۔ساری دنیا میں حکمران کام کرتے ہیں تو پاکستان میں کیوں برا ہے۔اصل بات جس پر زور نہیں دیا جاتا کہ حکمرانوں کے کاروبار کواس طرح شفاف ہونا چاہیے کہ ان کے اثرو رسوخ کی وجہ سے کوئی معاشی بگاڑ نہ پید اہو۔لیکن اس معاملے میں سارے کا سارا ملبہ میاں نواز شریف پر ڈالنے کی کوشش ہورہی ہے جس کی مثال ایسے ہی ہے جیسے ہمارے دیہات میں کوئی لڑائی ہو تو پرچہ کٹواتے ہوئے فریق مخالف کے سارے ”ٹبر“ کے نام لکھواد یئے جاتے ہیں اور اس چکر میں بعض اوقات اصل ”بندہ “ صاف بچ جاتا ہے۔ٹی سکرینوں،اخبارات کے اداریوں،کالموں اور تجزیوں کا سار ا زور ”دِکھتی ہے تو بکتی ہے“ کے اصول پر چل رہا ہے۔ہر کوئی اپنی اپنی بولی بول رہا ہے،حد تو یہ ہے کہ اس معاملے کی شفاف تحقیقات کے لئے اپوزیشن بھی ایک نقطے پر متفق نہیں۔ عمران خان جو پینتیس پنکچر کی ” کاناپھوسی “ کے بعد کنٹینر پر ایک سو چھبیس دن تک روزانہ ایمپائرکی انگلی کے انتظار میں لن ترانیاں کرتے رہے،اب ایک بار پھروزیراعظم کے استعفے کا مطالبہ لے کر رائے ونڈ کے گھیراوٴ کی دھمکیاں دے رہے ہیں۔حالانکہ اب تک وہ یہ فیصلہ ہی نہیں کر پائے کہ پانامہ دستاویزات کی تحقیقات سپریم کورٹ سے کرانی ہیں یا شعیب سڈل سے ،رات کو جیسی پھونک کوئی کان میں مار دیتا ہے صبح ویسا ہی بیان داغ دیتے ہیں۔شاہ محمود قریشی اور جہانگیر ترین کی باہمی لڑائی کی وجہ سے ذہنی خلفشار کا شکا رہیں شائد اس لیے۔کوئی خان کو بتائے کہ رہنما سوچ سمجھ کر فیصلہ کرتے ہیں اور پھر اس پر قائم رہتے ہیں ۔لیکن قائد اعظم جیسی دانش !
#اب اسے ڈھونڈ چراغ رخ زیبا لے کر
تحریک انصاف اور عمران خان کا مسئلہ یہ ہے کہ کسی بھی صورت ایوان اقتدار اس کے ہتھے چڑھ جائے ،(خاکسار کی رائے میں جس کا دور دور تک ابھی کوئی امکان نہیں )،کچھ بعید نہیں کہ عمران خان کل کو یہ مطالبہ بھی کردیں کہ وزیراعظم ہاوٴس چونکہ عوام کے پیسوں سے بنا ہے اس لیے وہاں میرے رہنے کے انتظامات بھی کئے جائیں کیونکہ میں نے اتنے لاکھ ووٹ لئے ہیں۔پیپلزپارٹی کے خورشید شاہ کچھ اور کہہ رہے ہیں لیکن اعتزاز احسن قانونی موشگافیوں سے اپنے تئیں وزیراعظم کو مجرم ثابت کر کے ان کے استعفے کا مطالبہ کر رہے ہیں۔قومی اسمبلی میں اپنی طرز کی ورسٹائل خطیب شازیہ مری بھی وزیراعظم کے استعفے سے کم کسی چیز پر راضی نہیں ہیں۔رہی جماعت اسلامی اور ایم کیوایم تو ان بیچاروں کے مسائل ہی اور ہیں جبکہ جے یو آئی کے سربراہ اپنی تاریخ کی روشنی میں حکومت مخالف سوچ کو”آئین کے تناظر“ میں حرام سمجھتے ہیں۔حالت یہ ہے کہ اپوزیشن بنچوں سے پانامہ دستاویزات کی سنجیدہ ، آزاد اور شفاف تحقیقات کے لئے کوئی مشترکہ موٴقف اب تک سامنے نہیں آیا۔ہونا تو یہ چاہیے کہ جب حکومت معاملے کی تحقیقات پر راضی ہے تو ساری اپوزیشن کو متحد ہوکر حکومت کو ایک ایسے بااختیار تحقیقاتی کمیشن کے قیام اور اس کے قواعد وضوابط طے کرنے پر مجبور کردینا چاہیے جو پانامہ دستاویزات میں سامنے آنے والے تمام پاکستانی ناموں سے متعلق آ ف شور کمپنیوں کی غیر جانبدارانہ تحقیق کرے لیکن مجھے خدشہ ہے کہ ایسا ہو نہیں پائے گاشائد اس لئے کہ بقول محمود خان اچکزئی اس حمام کے بارے میں سب ہی جانتے ہیں۔
دوسری طرف عالمی منظر نامہ دیکھا جائے تو پاکستان کی ہرمشکل میں کام آنے والے سعودی عرب سے بھارت کی دوستی اور تجارتی تعلقات تاریخ کی نئی بلندیوں کو چھو رہے ہیں ۔یہ صورت حال ان دانشوروں کی عقل پر ماتم کیلئے کافی ہے جو سعودی عرب کو ”برادرمسلم ملک “ قرارد یتے ہیں۔ ایک اور ”برادرملک“ ایران بھی ہے جس کے ساحلی شہر چاہ بہار سے ”را“کا حاضر سروس اعلیٰ افسر پاکستان میں دوستی کے تحفے ارسال کر رہا تھا۔اسی گرفتاری کی وجہ سے پاکستان اور بھارت کے درمیان امن عمل ” ایک بار پھر“ معطل ہو چکا ہے۔
#تیری بربادیوں کے مشورے ہیں آسمانوں میں
لے دے کے ایک چین ہے جو خطے میں پاکستان کے ساتھ کھڑا ہے لیکن ہم صورت حال کو سمجھنے سے بالکل قاصر ہیں۔گیارہ اپریل پیر کے دن عالمی بنک کی تازہ ترین معاشی رپورٹ ” ساوٴتھ ایشیا اکنامک فوکس“ میں جنوبی ایشیا کو تیز ترین معاشی ترقی کرنے والا خطہ قراردیا گیا ہے۔جس کی بنیادی وجہ پاکستان سمیت خطے کے دوسرے ملکوں میں اضافی سرمایہ کاری اور معاشی سرگرمیوں کے
استحکام کو قرار دیا گیا ہے۔ساری دنیا جانتی ہے کہ پاکستان میں اضافی سرمایہ کاری چین کر رہا ہے ۔ وزیراعظم میاں نواز شریف اور چینی قیادت کی مشترکہ بصیرت سے پاک چین اقتصادی راہداری اورمیری ٹائم سلک روٹ کا جو عظیم منصوبہ پایہ تکمیل تک پہنچانے کی کوششیں ہورہی ہیں بہت سے طاقتیں ا س منصوبے کی راہ میں رکاوٹ ہیں ۔میرے پاس کوئی مصدقہ اطلاع تو نہیں لیکن اس مرحلے پر پانامہ دستاویزات کا منظر عام پر آنا بہت سے شکوک و شبہا ت کو جنم دیتا ہے۔
ادارہ اردوپوائنٹ کا کالم نگار کی رائے سے متفق ہونا ضروری نہیں ہے۔
تازہ ترین کالمز :
متعلقہ عنوان :
خواجہ محمد کلیم کے کالمز
-
صحت کے دشمن تعلیمی ادارے
جمعرات 10 جنوری 2019
-
سو دن، کرتار پورہ اور سشمادیدی کا ندیدہ پن
منگل 4 دسمبر 2018
-
وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کے ساتھ دو دن
منگل 20 نومبر 2018
-
بابائے قوم محمد علی جناح کے نام ایک مکتوب
جمعرات 16 اگست 2018
-
لبیک ، لبیک ، لبیک یار سول اللہ ﷺ
پیر 30 جولائی 2018
-
دہشتگردی، سیاست اور قوم کا مستقبل
پیر 16 جولائی 2018
-
سیاسی کارکنوں کا احتجاج،اِشاریہ مثبت یا منفی ؟
ہفتہ 16 جون 2018
-
ماں جائی
بدھ 6 جون 2018
خواجہ محمد کلیم کے مزید کالمز
کالم نگار
مزید عنوان
UrduPoint Network is the largest independent digital media house from Pakistan, catering the needs of its users since year 1997. We provide breaking news, Pakistani news, International news, Business news, Sports news, Urdu news and Live Urdu News
© 1997-2025, UrduPoint Network
All rights of the publication are reserved by UrduPoint.com. Reproduction without proper consent is not allowed.