
ٹھپے نہ کھپے
ہفتہ 25 اپریل 2015

ندیم تابانی
لیجیے وہی ہوا ،جس کی باخبر اور با نظر لوگ پیشین گوئی کر رہے تھے ، متحدہ نے اپنی سیٹ بہ آسانی جیت لی، 2013کے عام انتخابات کے مقابلے میں اسے 47ہزار کم ووٹ ملے اگر اسے ٹھپوں کا موقع ملتا،تو یہ کمی بہ خیر و خوبی پوری ہو سکتی تھی ، اور جماعت اسلامی کی شکایات پر لسٹوں کا جھگڑا طے ہوجاتا تو پچیس ہزار مزید کم ملتے ،یعنی 93کی بجائے 68ہزار ووٹ ملتے لیکن جیت پھر بھی متحدہ کی ہوتی،یہ ایک حقیقت ہے کہ متحدہ کا ووٹ بنک بہت زیادہ ہے۔اس کے مقابلے میں سب مل کر بھی بہت سے حلقوں میں کچھ نہیں کر سکتے ، یہ کہا جا سکتا ہے کہ مخالف سب مل کر لڑتے، لسٹوں پر ان کے اعتراضات بھی حل ہو جاتے تو بھی اس حلقے سے بہ مشکل پچاس ہزار کے لگ بھگ ووٹ حاصل کرتے۔یعنی متحدہ پھر بھی کم از کم پندرہ ہزار ووٹوں سے کامیاب ٹھہرتی۔
(جاری ہے)
####
عمران خان کو اب یہ بات مان لینی چاہیے کہ دھرنے سے ان کی مقبولیت کا دھڑن تختہ ہوا ہے، کراچی کے اسی حلقے سے ان کی پارٹی کو 2013میں32ہزار کے لگ بھگ ووٹ ملے تھے، اس بار بہت زیادہ زور لگانے اور بہت بڑے دعووں کے باوجود دس ہزار کم ملے ہیں یہ ان کے رویے کے صدقے ہوا ہے ۔ خان صاحب کو یہ بھی یاد رکھنا چاہیے ان کا رویہ یہی رہا تواگلی باری بھی ان کو نہیں ملے گی، اور ان کو یہ بھی یاد رکھنا چاہیے کہ عدالتی کمیشن سے بھی ان کے ارمان پورے نہیں ہوں گے، کیوں کہ ڈھول کے پول کھل جائیں گے ۔انہیں یہ تسلیم کرنا چاہیے کہ ان کا انداز سیاست غلط ہے ، جو کام پارٹیاں سالہا سال محنت کے بعد کرتی ہیں وہ ان کے لوگ طاقت میں آئے بغیر کرنے کی کوشش کرتے ہیں ،یہی وجہ ہے منہ کے بل گرتے ہیں۔ عمران خان ساری دنیا کو امانت اور دیانت کا سبق پڑھاتے ہیں لیکن اپنے لوگوں کی تربیت نہیں کرتے ، گزشتہ روز ان کے لوگ جعلی ووٹ ڈالتے ہوئے پکڑے گئے اور سزا کے مستحق ٹھہرے۔متحدہ کی طرح انہوں نے بھی ان سے لا تعلقی ظاہر کر دی ہے۔####
متحدہ نے سیٹ تو جیت لی ،لیکن دل نہ جیت سکی ، دل جیتنے کے لیے اپنا دل بھی سوا سیر کا ہونا چاہیے ،بے چاری متحدہ کا دل چڑیا سے بھی چھوٹا ہے ۔شاید بھائی لوگ چڑے خوب ذوق و شوق سے تناول فرماتے ہیں، سیٹ جیتنے کے بعد انہوں نے دل کی بھڑاس نکالی ،تحریک انصاف کو بڑی بڑی باتیں کرنے کی سزا دی ،متحدہ کے کارکن تپے ہوئے تھے، کہ ان کے گھر تک تحریک انصاف نے آنے کی جسارت کیسے کی، پی ٹی آئی کے کیمپ پر پتھراؤ کیا ، جھنڈے پھاڑے ، ڈنڈے مارے ، بلے کی دھنائی کی ، یہ چھوٹے ظرف کی نشانی ہے یہ چھوٹا پن ہے، کام بڑے ہوں تو دل بھی بڑا ہونا چاہیے ۔ متحدہ کو یہ بھی غصہ ہے کہ اس کے ووٹ کم ہو گئے ہیں ، حالاں کہ ووٹ ڈالنے میں متحدہ نے کوئی کسر نہیں چھوڑی ، بس کسرٹھپوں کی تھی ،جو اس بار ممکن نہیں ہو سکے ۔ ####
کراچی آپریشن کے نام ور کپتان اور سندھ کے وزیر اعلی قائم علی شاہ کا کہنا ہے کہ ڈبل سواری پر پابندی ان سے پوچھے بغیر لگائی گئی۔ سی ایم کی بات درست ہے ، دراصل محترم آرام فرما رہے تھے ، مشہور ہے جو سوتا ہے وہ کھوتا ہے ۔ پابندی کی سفارش پر دستخط کروانے میں ناکامی پر قانون نافذ کرنے والوں نے اپنا قانون چلا دیا، ان کا بھی تو قانون چلتا ہے ، اگر رینجرز افسران مجسٹریٹ بن سکتے ہیں تو سی ایم کیوں نہیں بن سکتے۔ ####
جیت کا اپنا نشہ ہوتا ہے ، یہ نشہ پا کر ہوش میں رہنا مشکل ہی نہیں مشکل ترین ہو جاتا ہے ، جیت بہر حال جیت ہوتی ہے ، اس کی شرح کم ہو یا زیادہ ، ہار کا دکھ بھی بڑی ظالم چیز ہے ، دل جلدل ہار نہیں مانتا ، ہار کے باوجود وجہیں تلاش کرتا ہے ، یہ وجہیں بھونڈی ہوتی ہیں لیکن اپنا دل بہلانے اور مخالف کو مشکوک بنانے کے لیے ایسے بہانے ضرور سوچے جاتے ہیں۔####
کسی زمانے میں جے سالک شہرت کے لیے عجیب و غریب حرکتیں کیا کرتے تھے ، خود کو پنجرے میں بند کرنے کا کارنامہ بھی جے سالک کے نامہ حرکات میں درج ہے ، آج کل جے سالک کا یہ کردار جمشید دستی ادا کر رہے ہیں ، خبروں میں رہنے کا ذوق و شوق پورا کرنے کے لیے جمشید دستی آئے دن مختلف قسم کے منصوبے اور پروگرام ترتیب دیتے رہتے ہیں، ایک کے بعد ایک منصوبہ ان کی جیب میں ہوتا ہے۔ادارہ اردوپوائنٹ کا کالم نگار کی رائے سے متفق ہونا ضروری نہیں ہے۔
تازہ ترین کالمز :
ABOUT US
Our Network
Who We Are
Site Links: Ramadan 2025 - Education - Urdu News - Breaking News - English News - PSL 2024 - Live Tv Channels - Urdu Horoscope - Horoscope in Urdu - Muslim Names in Urdu - Urdu Poetry - Love Poetry - Sad Poetry - Prize Bond - Mobile Prices in Pakistan - Train Timings - English to Urdu - Big Ticket - Translate English to Urdu - Ramadan Calendar - Prayer Times - DDF Raffle - SMS messages - Islamic Calendar - Events - Today Islamic Date - Travel - UAE Raffles - Flight Timings - Travel Guide - Prize Bond Schedule - Arabic News - Urdu Cooking Recipes - Directory - Pakistan Results - Past Papers - BISE - Schools in Pakistan - Academies & Tuition Centers - Car Prices - Bikes Prices
UrduPoint Network is the largest independent digital media house from Pakistan, catering the needs of its users since year 1997. We provide breaking news, Pakistani news, International news, Business news, Sports news, Urdu news and Live Urdu News
© 1997-2025, UrduPoint Network
All rights of the publication are reserved by UrduPoint.com. Reproduction without proper consent is not allowed.