امن کے سفیر بنیے

منگل 18 مئی 2021

Usama Munawar

اسامہ منور

دنیا میں انسان کی پیدائش کا بنیادی مقصد رضائے الٰہی کا حصول ہے جس کا سب سے پراثر ذریعہ خلقِ خدا کی خدمت ہے. انسان کو دنیا میں ایک دوسرے کے دکھ درد اور خوشی غمی میں شریک ہونے کے لیے بھیجا گیا تاکہ وقتاً فوقتاً ایک دوسرے کے کام آتے رہے جس باہمی تعلقات مضبوط ہوں اور بھائے چارے و یگانگت کی فضا قائم ہو. اللہ تعالیٰ نے دنیا میں لوگوں کو ان کی پہچان کے لیے مختلف گروہوں اور نسلوں میں تقسیم کر دیا اور پھر کچھ کو بہت مالدار، کچھ کو بہت غریب اور کچھ کو متوسط طبقے میں رکھا.

صاحب ثروت لوگوں کو مال و دولت سے نوازنے کے بعد ان پر کچھ قوانین بھی لاگو کیے گئے تاکہ ان کا مال غربا تک بھی جائے.

(جاری ہے)

وہ قوانین صدقہ اور زکوٰۃ کی صورت نہ صرف مال کو پاک کرنے کے لیے وضع کیے گئے بلکہ مقصود روحانی طہارت بھی تھا. مالداروں کی دولت کا غربا تک پہنچانے کا ایک منظم نظام بھی اللہ پاک نے حضرت انسان کو سکھا دیا تاکہ مال و دولت گردش میں رہے اور معاشرے کا نظام چلتا رہے.

پھر قرآن و احادیث میں بہت سارے مقامات پر اللہ کی راہ میں خرچ کرنے کی تلقین کی گئی اور اس کے معاشی و معاشرتی فوائد بتانے کے ساتھ ساتھ اللہ کی طرف سے وضع کیے گئے انعامات کا ذکر بھی کیا گیا اور خرچ کرنے والوں کی فضیلت بھی بیان کی گئی.کتنی عجیب بات ہے کہ اللہ کی راہ میں خرچ کرنے والے اللہ کے عطا کردہ مال سے اللہ کی راہ میں ہی خرچ کرتے ہیں مگر اللہ تعالیٰ یہی خرچ کیا ہوا مال سینکڑوں گناہ بڑھا کر بندے کو واپس کر دیتا ہے.

ہمیں اس بات پر یقین رکھنا چاہیے کہ اللہ سے تجارت میں کبھی بھی خسارہ نہیں ہو سکتا. دنیا میں بہت سارے لوگ اللہ کی راہ میں خرچ کر رہے ہیں جن کی وجہ سے فلاحی تنظیمیں بھی چل رہی ہیں جو صاحب ثروت لوگوں کا دیا ہوا مال انتہائی احسن طریقے سے ضرورت مندوں تک پہنچاتی ہیں. سفیرانِ امن برطانیہ بھی ایک ایسی ہی فلاحی تنظیم ہے.
سفیرانِ امن برطانیہ ایک عالمی فلاحی اور غیر منافع بخش تنظیم ہے جس کا مقصد خلق خدا کی خدمت ہے.

اس تنظیم کی ابتدا گلاسکو ، اسکاٹ لینڈ سے ادبی و سماجی شخصیت محمد اظہر نے کی. اس تنظیم کی بہتری کے لیے محترم ندیم عظمت (گلاسکو) اور ان کے رفقا نے بھرپور معاونت کی اور ابھی تک کر رہے ہیں . اب یہ تنظیم پاکستان میں بھی  اسامہ منور کی زیر نگرانی اپنے مختلف پروجیکٹس پر کام کر رہی ہے جن میں سر فہرست سستا کھانا سستی روٹی پروجیکٹ اور اس کے علاوہ بھیک مانگنے والے بچوں کے لیے مفت تعلیم ،پسماندہ علاقوں میں جہاں پر فلاحی تنظیموں نے ابھی تک دھیان نہیں دیا وہاں پر  بھی ،سستا منرل واٹر اور مفت ڈسپنسریاں قائم کی جائیں گی .

پاکستان میں سیالکوٹ، سمندری (فیصل آباد) جہلم، لاہور، بہاولپور، حافظ آباد اور گوجرانوالہ میں کام شروع ہے. جوصاحب ثروت لوگوں کے تعاون سے جلد ہی پاکستان کے دوسرے صوبوں تک وسعت اختیار کر لے گا. سیالکوٹ میں سستا کھانا پروجیکٹ گذشتہ تین ماہ سے چل رہا ہے جس سے مستحق اور ضرورت مند لوگ مستفید ہو رہے ہیں. سفیرانِ امن ان لوگوں کو مفت کھانا بھی دے رہی ہے جو بالکل بھی قیمت ادا نہیں کر سکتے اور مستحق لوگوں کے گھروں تک مفت کھانا پہنچایا بھی جا رہا ہے،.

مگر اس کا بنیادی مقصد انتہائی سستے داموں کھانے کی فراہمی ہے تاکہ کسی کی عزت نفس مجروح نہ ہو. صاحب ثروت لوگ ہر طرح سے سفیرانِ امن برطانیہ کے پروجیکٹس میں حصہ لے سکتے ہیں وہ چاول، گندم، گھی، مصالحہ جات، مالی حوصلہ افزائی یا سپانسرز کی صورت ہو. تمام احباب ہمارے ساتھ تعاون کر کے امن سفیر بن جائیں . لوگوں کا تعاون جتنا زیادہ ہو گا ہم قیمت اتنی کم کرتے جائیں گے چاہے پانچ روپے میں چکن پلاؤ کی پلیٹ ہو جائے. ہم مل کر کام کریں گے اور اس پیغام کو پورے پاکستان میں عام کریں گے تو پاکستان بہتری کی جانب گامزن ہو گا.

ادارہ اردوپوائنٹ کا کالم نگار کی رائے سے متفق ہونا ضروری نہیں ہے۔

تازہ ترین کالمز :