آزاد کشمیر میں زلزلہ متاثرہ علاقوں کی تعمیر نو پر 125 ارب روپے خرچ کئے جا رہے ہیں ‘ کرنل نسیم

تعمیراتی کاموں کی مانیٹرنگ کی جائے گی‘ معیار پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا‘اعلیٰ سطحی اجلاس سے خطاب

جمعہ 22 ستمبر 2006 17:14

مظفر آباد (اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین22 ستمبر2006 ) آزاد کشمیر کے وزیر تعمیرات عامہ ترقیاتی ادارہ جات اور بحالی و تعمیر نو کرنل (ر) راجہ محمد نسیم خان نے کہا ہے کہ آزاد کشمیر تعمیر نو او ر بحالی کے کاموں پر 125.203 بلین روپے خرچ کئے جا رہے ہیں۔ اور زلزلہ سے متاثرہ اضلاع کی بحالی اور معیاری تعمیراتی منصوبوں کی فوری تکمیل کو یقینی بنانے کیلئے حکمت عملی اپنائی گئی ہے ‘ تعمیراتی کاموں کی مانیٹرنگ کی جائے گی‘ معیار پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے آزاد کشمیر میں زلزلہ سے متاثرہ علاقوں کی تعمیر نو اور بحالی کے حوالے سے منعقدہ ایک اعلیٰ سطحی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں ڈپٹی چیئرمین ایرا لیفٹیننٹ جنرل ندیم ‘ 19 ڈویژن کے میجر جنرل لیاقت ‘ آزاد کشمیر کے ایڈیشنل چیف سیکرٹری ترقیاتی کیپٹن (ر) محمد یوسف ‘ سیکرٹری صحت میجر جنرل عبدالمالک ‘ سیکرٹری اطلاعات و سیاحت سردار جاوید ایوب ‘ سیکرٹری صنعت و حرفت محمد سعید مغل ‘ سیکرٹری تعلیم سردار نعیم شہزاد ‘ سیکرٹری ورکس محب علی نقوی ‘ ڈائریکٹر جنرل (سیرا) سردار محمد صدیق خان ‘ باغ ‘ راولا کوٹ‘ پلندری اور مظفر آباد کے ڈپٹی کمشنروں کے علاوہ ایرا و دیگر اعلیٰ سول و فوجی حکام نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

اجلاس میں مختلف شعبوں کے ترقیاتی کاموں کے حوالے سے حکمت عملی کی تفصیلات بتائی گئیں ۔ مختلف شعبوں کے ترقیاتی کاموں کے لئے 64 ارب 32 کروڑ 80لاکھ کی سرمایہ کاری کی جا رہی ہے۔ صحت عامہ کے شعبے میں 15 ارب 92کروڑ 60لاکھ روپے کی لاگت سے زلزلہ زدہ علقوں میں 176 صحت عامہ کے مرکز کی تعمیر نو عمل میں لائی جائے گی۔ جن میں 96 بنیادی صحت مراکز‘ 15 رورل ہیلتھ سنٹرز ‘ 47 سول ڈسپنسریاں‘ 4 تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال ‘ 2 ڈسترکٹ ہیڈ کوارٹرز ہسپتال اور 2 سی ایم ایچ ہسپتالوں کی تعمیر شامل ہے۔

تعلیم کے شعبہ میں 28 ارب 24کروڑ روپے کی لاگت سے 1852پرائمری سکول ‘ 498 مڈل سکول ‘ 298 ہائی ‘ ہائیر سکینڈری سکول ‘ 29انٹر کالج اور 12ڈگری کالج تعمیر کئے جائیں گے۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ ذرائع رسل و رسائل و مواصلات کے شعبہ میں 6 ارب 14کروڑ روپے کی لاگت سے 810 کلو میٹر لمبی سڑکیں اور 2725 میٹر لمبے پل تعمیر کئے جائیں گے۔ اجلاس کو مزید بتایا کہ برقیات ‘ تعلیم اور صحت عامہ کے شعبوں کے ترقیاتی منصوبہ جات کے ورک پلان مکمل کر لئے گئے ہیں۔

جبکہ دیگر شعبوں کے حوالے سے تعمیر نو کے منصوبہ جات کے ورک پلان زیر تکمیل ہیں ۔ سیٹلائیٹ ٹاؤن ایئر پورٹ کے نزدیک قائم کیاجائے گا جبہک ایئر پورٹ کی توسیع و مرمتی کے منصوبے پربھی عمل درآمد کیا جائے گا۔ ڈپٹی چیئرمین ایرا لیفٹیننٹ جنرل ندیم نے اجلاس کو بتایا کہ پورے مظفر آباد شہر کی تعمیر و ترقی کا کام چین کے سپرد کء یجانے کامعاملہ بھی زیر غور ہے تاکہ مظفر آباد شہر کی معیاری اور بروقت تعمیر کویقینی بنایا جا سکے۔

انہوں نے مزید کہا کہ مظفر آباد شہر کی ٹاؤن پلاننگ کے مطابق معیاری اور بروقت تعمیر انتہائی اہمیت کی حامل ہے اس لئے ہماری پہلی کوشش ہے کہ اس کو مکمل کیاجائے۔ اجلاس کو مزید بتایا گیا کہ آزاد کشمیر کے مقامی ٹھیکیدار تعمیراتی منصوبوں میں بطور سب کنٹریکٹر سرکت کریں گے۔ متاثرین زلزلہ میں 125 ارب 17کروڑ 3 لاکھ کی خطیر رقم بطور امداد تقسیم کی جا چکی ہے۔

ہلاک شدگان کے معاوضہ کے طور پر 3 ارب 45کروڑ روپے ‘ زخمیوں کے معاوضہ کی مد میں 58کروڑ 10 لاکھ روپے اور متاثرہ مکانات کے مالکان کو 25ہزار روپے کی ابتدائی قسط کے طور پر 6 ارب 92کروڑ 80لاکھ اور 75ہزار روپے معاوضہ کے طور پر ۔ 14ارب 21کروڑ 20لاکھ روپے تقسیم کئے جا چکے ہیں ۔ دیہی اور شہری علاقوں میں متاثرین زلزلہ اور متاثرین عمارات و مکانات کے حوالے سے سروے مکمل کیاجا چکا ہے جبکہ ایک سے زیادہ منزلہ عمارات کے مکینوں ے کنبوں میں ایرا کی ترمیم شدہ پالیسی کے مطابق ادائیگی کی جا چکی ہے۔ مظفر آباد میں لینڈ سلائیڈنگ اور لینڈ یوز پلاننگ کی وجہ سے بے زمین اور بے گھر ہونے والے افراد میں 5000 پری فیبریکٹڈ یونٹ گھر تقسیم کئے جائیں گے۔

متعلقہ عنوان :