سردار عتیق نے نواز شریف سے ملاقات کی ہے‘ بیرسٹر سلطان

بدھ 4 اکتوبر 2006 16:58

لندن (اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین04اکتوبر2006) جموں و کشمیر پی ایم ایل کے صدر و سابق وزیر اعظم آزاد کشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے انکشاف کیا ہے کہ آزاد کشمیر کے کٹھ پتلی وزیر اعظم سردار عتیق احمد خان نے لندن میں سابق وزیر اعظم پاکستان میاں نواز شریف سے خفیہ ملاقات کرک کے انہیں مستقبل قریب میں اپنے غیر مشروط تعاون کا یقین دلایا ہے اور انہیں یقین دہانی کرواتے ہوئے کہا کہ وقتی وفاقی حکومت سے اقتدار کے لئے مفاہمت کی ہے ہم آپ کے ساتھ ہیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنے دورہ لندن سے اسلام آباد واپسی سے قبل یہاں پی ایم ایل کے رہنما چوہدری بشیر احمد کی رہائش گاہ پر کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ گرگٹ کی طرح رنگ بدلنا ،مفادات کے لئے خوشامد اور سیاسی بلیک میلنگ ان سیاسی تبصرہ بازو کا پرانا، فرسودہ حربہ ہے، لیکن ان اقتدار کے پجاریوں کا اصل چہرہ خول سے باہر آ کر پوری قوم پر آشکار ہو چکا ہے یہی وجہ ہے کہ اب انہیں عوامی عدالت میں لایا جائے گا، بہت جلد ان کا کڑا امتحان شروع ہونے والا ہے جس کی وجہ سے آزاد خطہ میں ان کی اصلیت سامنے آنے کے بعد ان کا کوئی سیاسی کردار نہیں بنتا۔

(جاری ہے)

بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کہا کہ میری بیک وقت دو محاذوں پر جنگ ہے ایک قومی غداروں اور دوسری عالمی مکاروں کے خلاف، قوم متحد ہو کر وسیع تر قومی و سیاسی مفادات کی خاطر میرا ساتھ دے۔ انہوں نے کہا کہ کشمیر کے خلاف عالمی سازشیں شروع ہو چکی ہیں جنہیں ناکام بنانے کے لئے پوری قوم کو اختلافات بھلا کر اپنی خوداری اور بے مثال تاریخ کے لئے فیصلہ کن راؤنڈ میں جانا پڑے گا۔

انہوں نے کہا کہ اب یہ کشمیری قوم کا یک نکاتی متفقہ قومی فیصلہ ہے کہ وہ پاک بھارت مذاکرات میں بنیادی اور اہم فریق کشمیری عوام کی شمولیت کا ٹائم فریم دیا جائے کہ انہیں کب اور کس دور میں کہاں شامل کیا جائے۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان بھارت مذاکرات کشمیریوں کی شمولیت کے بغیر بامقصد ہونے کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا البتہ ان کو کسی بھی طرح کامیاب بنانے کا تاثر دیا جائے تو اسے ہم تسلیم ہی نہیں کریں گے۔

متعلقہ عنوان :