آزاد کشمیر میں جدید تعلیم کا فروغ حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ سردار عتیق احمد خان

ہفتہ 14 اکتوبر 2006 13:50

میرپور (اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین14اکتوبر2006) وزیراعظم آزاد کشمیر سردار عتیق احمد خان نے کہا ہے کہ آزاد کشمیر میں جدید تعلیم کا فروغ حکومت کی اولین ترجیح ہے‘ مظفر آباد یونیورسٹی کی تعمیر نو جلد شروع کردی جائے گی‘ آزاد خطہ کو ماڈل سٹیٹ بنانے کے لئے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہفتے کے روز یہاں یونیورسٹی کالج آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی میں بریفنگ کے دوران خطاب کرتے ہوئے کیا انہوں نے کہا کہ وزیراعظم پاکستان سے مطالبہ کیا تھا کہ پاکستان کے میڈیکل کالجز میں کشمیری طلبہ کی سیٹیں بڑھائی جائیں اور یونیورسٹی کالج آف انجینئرنگ کو یونیورسٹی بنانے کا اعلان کیا وزیراعظم نے کہا کہ اس حوالے سے ہم ہر ممکن اقدامات کریں گے اور آزاد کشمیر یونیورسٹی کو حکومت آزاد کشمیر براہ راست ڈیل کرے گی اور وزیراعظم سیکرٹریٹ براہ راست اس کی نگرانی کرے گا انہوں نے کہا کہ تعلیم ہماری حکومت کی اولین ترجیح ہے اور ہم آزاد کشمیر میں جدید تقاضوں سے ہم آہنگ تعلیم کا فروغ چاہتے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے یونیورسٹی ایڈمنسٹریشن کی جرات بہادی اور بروقت فیصلے کے ذریعے تعلیم کے سلسلے کو دوبارہ بحال کرنے پر مبارکباد دی اور زبردست خراج تحسین پیش کیا انہوں نے ترکی کی تنظیم کی جانب سے 3.5 ملین ڈالر کی لاگت سے تیار کردہ عارضی انفراسٹرکچر کی تعمیر کو بھی سراہا اور کہا کہ میں یونیورسٹی کی تعمیر کے حوالے سے ایرا کے حکام سے خود رابطہ رکھوں گا اور مظفر آباد یونیورسٹی کی تمیر نو جلد شروع کی جائے گی اس سلسلہ میں سپیشل بچوں کے لئے بھی معیاری تعلیم دینے کے لئے اقدامات کررہا ہوں میں نے عالمی سطح پر تعمیر نو اور بحالی کے حوالے سے بات کی جس پر عالمی برادری نے بھرپور تعاون کا وعدہ کیا میں فنڈز کے حوالے سے آپ کو مایوس نہیں کرونگا انہوں نے کہا کہ صدر پاکستان اور وزیراعظم پاکستان نے ہمیشہ فیاضی کا مظاہرہ کیا اور بالخصوص جنرل پرویز مشرف نے کہا کہ پاکستانی قوم فوج اور میں ہمیشہ کشمیریوں کے ساتھ ہیں۔

اس موقع پر وائس چانسلر یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر منظور خان نے وزیراعظم کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ یونیورسٹی میں 3700 طلبہ وطالبات زیر تعلیم ہیں آٹھ اکتوبر کے سانحہ کی وجہ سے طلبہ وطالبات کا قیمتی سال بچانے کے لئے کلاسز راولپنڈی اسلام آباد یونیورسٹیز میں منتقل کی گئیں انہوں نے بتایا کہ مظفر آباد یونیورسٹی کی تعمیر نو کے لئے حکومت نے 1644 کنال اراضي کی منظوری دی ہے جبکہ مزید 351 کنال زمین یونیورسٹی کے لئے درکار ہے سعودی حکومت نے تعمیر نو کے لئے پچاس ملین ڈالر فنڈ مہیا کرنے کا اعلان کیا ہے ہائیر ایجوکیشن کمیشن نے ابتدائی طور پر پندرہ ملین روپے اس جگہ کی فزیبلٹی اسٹڈی کے لئے منظور کئے انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ یونیورسٹی کی تعمیر نو انٹرنیشنل سیفٹی اسٹینڈرڈ کے مطابق کی جائے گی۔

متعلقہ عنوان :