کبھی نہیں کہا کہ پیپلز پارٹی اور حکومت میں ڈیل ہو رہی ہے،شہبازشریف تو نوازشریف کے ملازموں سے ڈرتے ہیں،شیخ رشید احمد ، اپوزیشن وکلاء کے کالے کوٹ پہن کر اپنا سیاسی کھیل سکتی ہے،جوڈیشل کونسل کے فیصلوں میں ابھی وقت لگے گا، خسارے میں جانیوالی ٹرینوں کو جلد بند کر دیا جائیگاجنکی منظوری کیلئے آئندہ چند روز میں اجلاس ہو گا،ریلوے ہیڈ کوارٹر میں پریس کانفرنس سے خطاب

جمعہ 6 اپریل 2007 15:20

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔6اپریل۔2007ء) وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ میں نے کبھی نہیں کہا کہ پیپلز پارٹی اور حکومت میں کوئی ڈیل ہورہی ہے ۔ شہبازشریف سے بھی ڈیل نہیں ہو سکتی کیونکہ وہ تو نوازشریف کے ملازموں سے بھی ڈرتے ہیں ۔ اپوزیشن وکلاء کے کالے کوٹ پہن کر اپنا سیاسی کھیل سکتی ہے اور نہ ہی وزیر اعظم عام انتخابات سے قبل تبدیل ہو سکتے ہیں ۔

جوڈیشل کونسل کے فیصلوں میں ابھی وقت لگے گا۔ خسارے میں جانے والی ٹرینوں کو جلد بند کر دیا جائیگاجنکی منظوری کیلئے آئندہ چند روز میں اجلاس ہو گا۔ وہ گزشتہ روز ریلوے ہیڈ کوارٹر میں پریس کانفرنس سے خطاب کر رہے تھے ۔ اس موقع پر ڈائریکٹر پبلک ریلیشن اعجاز احمد اور دیگر بھی موجود تھے ۔ شیخ رشید احمد نے کہا کہ بھارت نے ہمیں ابھی تک سمجھوتہ ایکسپریس کی انویسٹی گیشن رپورٹ نہیں دی اور ہم اس کا انتظار کر رہے ہیں اس میں جتنی تاخیر ہو گی اتنے شکوک و شبہات پیدا ہونگے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ہم نے 2ارب روپے کا ریونیو حاصل کر لیا ہے اور ہمیں یقین ہے کہ ہم اپنے دیئے گئے ٹارگٹ سے بھی آگے جائینگے ۔ سیکورٹی کے انتظامات کو بہتر بنانے کیلئے پاکستان کے 40بڑے ریلوے اسٹیشنوں پر سکیننگ مشینیں لگائی جائینگی ۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ راولپنڈی ائیر پورٹ دوسری جگہ منتقل ہونے کے بعد وہاں پر ریلوے اسٹیشن بنایا جائیگا تا کہ عوام کو بہتر اور نزدیک ترین تمام سہولتیں میسر آسکیں ۔

لاہور سے راولپنڈی تک ڈبل ٹریک کا منصوبہ جلد شروع کیا جائیگا جس میں پہلے مرحلے میں لاہور سے گوجرانوالہ اور دوسرے مرحلے میں گوجر خان سے راولپنڈی تک ٹریک ڈبل کیا جائیگا۔ انہوں نے کہا کہ فیصل آباد سے کراچی تک کنٹینر فریٹ ٹرین چلائی جائے گی جس کیلئے فیزیبلٹی رپورٹ تیار کی جا رہی ہے ۔ راولپنڈی،لاہور ڈبل ٹریک کا افتتاح وزیر اعظم پاکستان شوکت عزیز کرینگے اور جیسے ہی انکی طرف سے ہمیں وقت ملا افتتاح کر دیا جائیگا۔

انہوں نے کہا کہ لاہور تا نارووال ایکسپریس بھی چلائی جا رہی ہے جس کی ٹکٹیں اور چیکنگ کا نظام پرائیویٹ کمپنی کو دیا جائیگا ۔ ریلوے فاؤنڈیشن کے حوالے سے وفاقی وزیر نے کہا کہ اس کی منظوری دی جا چکی ہے جس سے ریٹائرڈ ملازمین اور حاضر سروس ملازمین کے مسائل میں کمی آئے گی ۔ شیخ رشید احمد نے کہا کہ عوام ایکسپریس،خبر میل اور تیز گام سمیت جو بھی ٹرین خسارہ دے رہی ہے اسے بند کر دیا جائیگا جس کی منظوری دینے کیلئے اجلاس آئندہ ہفتے اسلام آباد میں ہو گا۔

انہوں نے کہا پیپلز پارٹی کو مراعات دینے کا مطلب یہ نہیں کہ حکومت اس کے ”تھلے،،لگ گئی ہے ۔ پیپلز پارٹی سے ڈیل نہیں ہو رہی صرف مذاکرات ہو رہے ہیں جس پر میں اب بھی قائم ہوں ۔صدارتی انتخابات کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ اس کیلئے ہمارے پاس تعداد پوری ہے لیکن اس کے باوجود سیاسی جماعتوں سے بھی بات چیت ہو رہی ہے ۔ عام انتخابات سے قبل ہی صدارتی انتخابات میں جنرل مشرف ہی دوبارہ منتخب ہونگے اور کسی کو بھی شک نہیں رہنا چاہیے کہ عام انتخابات بھی اپنے مقررہ وقت پر ہونگے اور شوکت عزیز کی رخصتی یا وزیر اعظم کی تبدیلی کی خبروں میں کوئی حقیقت نہیں ہے ۔

شوکت عزیز عام انتخابات تک ملک کے وزیر اعظم رہیں گے ۔ شیخ رشید احمد نے کہا کہ نوازشریف اور شہباز شریف نے ہمارے عتماد کو توڑا ہے اور معاہدے کے وقت جو باتیں ہوئی تھیں ان پر عمل نہیں کیا گیا اب شہبازشریف سے کوئی ڈیل نہیں ہو گی کیونکہ انکی حالت یہ ہے کہ وہ میاں نوازشریف کے ملازموں سے بھی ڈرتے ہیں ۔ جب بھی کوئی ڈیل ہوئی نوازشریف سے ہی ہوگی ۔ آج کل حکومت ان سے کوئی ڈیل نہیں کررہی ۔