چیف جسٹس کے خلاف ریفرنس میں مس ہینڈلنگ ہوئی ہے،بے نظیراور نواز شریف کو انتخابات سے پہلے پاکستان نہیں آنے دیا جائے گا، صدرمشرف ، اگر فل کورٹ پر بھی اعتماد نہیں تو پھر اللہ تعالیٰ کے پاس جائیں، کراچی کے واقعات کو نسلی رنگ دینا خطرناک ہے، ملک 90کی دہائی جیسے حالات سے دو چار ہو سکتا ہے، اپوزیشن میرا تعلق ایم کیو ایم سے جوڑنے کی کوشش کررہی ہے، ٹی وی انٹرویو

جمعرات 17 مئی 2007 23:18

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔17مئی۔2007ء) صدر جنرل پرویزمشرف نے واضح کیا ہے کہ سابق وزرائے اعظم بے نظیر بھٹو اور نوازشریف انتخابات سے پہلے پاکستان نہیں آنے دیا جائے گا ۔چیف جسٹس کے خلاف ریفرنس میں مس ہینڈلنگ ہوئی، کراچی کے واقعات کو نسلی تنازعات کا رنگ دینا ملک کیلئے انتہائی خطرناک ہے ۔ ملک 90کی دہائی جیسے حالات سے دو چار ہوسکتا ہے ۔

صدر نے یہ بات ایک پاکستانی نجی ٹی وی کے ساتھ خصوصی انٹرویو میں کہی جو جمعہ کو نشر کیا جائے گا۔صدر مشرف نے کہاکہ چیف جسٹس کے معاملے میں اب سیاست ختم ہونی چاہیے انہوں نے کہاکہ چیف جسٹس کے کیس کیلئے اب فل کورٹ بنایا گیا ہے اور سب کو اس کے نتائج کا انتظارکرنا چاہیے ۔انہوں نے کہاکہ فل کورٹ کے علاوہ مزید کیا، کیا جاسکتا ہے ۔

(جاری ہے)

اگر اس پر بھی اعتماد نہیں تو پھر اللہ تعالیٰ کے پاس جائیں ۔

انہوں نے کہاکہ چیف جسٹس کے خلاف ریفرنس میں مس ہینڈلنگ ہوئی ہے صدر نے کہاکہ وہ اردو بولنے ہیں لیکن اپوزیشن کی طرف سے ان کا تعلق ایم کیو ایم سے جوڑنے کی کوشش کی جارہی ہے۔ انہوں نے کہاکہ کراچی میں ہونے والے واقعات کو لسانی تنازعات کا رنگ دیا جارہا ہے جو ملک کیلئے انتہائی خطرناک ہے اور حالات خراب ہوئے تو ہم 90کی دہائی جیسے صورت حال سے دور چار ہو سکتے ہیں ۔

انہوں نے کہاکہ پاکستان میں القاعدہ موجود ہے انہوں نے کہاکہ پہاڑوں کے علاوہ القاعدہ شمالی وزیرستان کے علاقہ میرعلی میں بھی موجود ہے ۔انہوں نے کہاکہ القاعدہ کی موجودگی ہمارے مسائل میں اضافہ کررہی ہے ۔انہوں نے کہاکہ ہم ایک حکمت عملی کے تحت القاعدہ کے مسئلے سے نمٹ رہے ہیں اگر ہم القاعدہ کے خلاف طاقت کا استعمال کرتے ہیں تواس سے عام لوگوں کو نقصان پہنچ سکتا ہے ۔

صدر مشرف نے کہاکہ میر علی، وزیرستان میں القاعدہ کے خلاف انٹیلی جنس کارروائی کرے گی ۔ انہوں نے کہاکہ ملک میں عسکریت پسندی اور شدت پسندی میں اضافہ ہورہا ہے ۔ صدر مشرف نے ایک سوال کے جواب میں کہاکہ پاکستان اور بھارت کے درمیان مسئلہ کشمیر کے حوالے سے پیش رفت ہورہی ہے اور دونوں ممالک مسئلہ کشمیر کے حل کے قریب ہیں ۔