سبز انقلاب کے ذریعے ہی خطے کی تقدیرکو بدلا جاسکتا ہے ۔وزیراعظم عتیق

جمعرات 7 جون 2007 12:46

مظفر آباد (اردوپوائنٹ تازہ ترین اخبار07 جون 2007) آزاد جموں وکشمیر کے وزیراعظم سردار عتیق احمد خان نے کہا ہے کہ سبز انقلاب کے ذریعے ہی یہاں کے لوگوں اور خطے کی تقدیر کو بدلا جاسکتا ہے ہمارے پاس الله کے فضل سے محنتی افرادی قوت زرخیز زمین اور نہایت اعلیٰ قسم کی نایاب فصلیں پھل پھول اور جڑی بوٹیاں دستیاب ہیں جن کی سائنسی بنیادوں پر کاشت کرکے اربوں روپے کمائے جاسکتے ہیں۔

(جاری ہے)

وہ گزشتہ روز یہاں اپنے آفس چیمبر میں ایگری بزنس سے متعلق ایک اعلیٰ سطحی اجلاس سے خطاب کررہے تھے وزیراعظم نے کہا کہ زراعت ملکی خوشحالی اور قومی ترقی کا زینہ ہے سرسبز اور ہنر مند کشمیر کا زراعت سے براہ راست تعلق ہے اس کے ذریعہ ہم اپنے مطلوبہ اہداف حاصل کرسکیں گے انہوں نے کہا کہ زراعت کی ترقی میں ہی ہم سب کی ترقی پوشیدہ ہے اسی لئے ہم زراعت کو جدید طریقوں پر استوار کرنے کے لئے مربوط منصوبہ بندی کررہے ہیں ہمارا علاقہ ایسی نادر فصلیں پھل اور جڑی بوٹیاں اگا سکتا ہے جن کے دنیا بھر میں منہ مانگے دام ملتے ہیں انہوں نے کہا کہ زراعت کی ترقی کے لئے فرسودہ طریقہ کار کو ترک کرکے جدید انداز فکر اپنانا ہوگا تاکہ چھوٹے چھوٹے قطعوں سے بھی زیادہ زیادہ فصل اگائی جاسکے انہوں نے کہا کہ ہم زرعی مصنوعات کو کھیت سے منڈی تک پہنچانے کے لئے شاہرات اور رابطہ سڑکوں کے نیٹ ورک کو وسعت دے رہے ہیں آبپاشی کے لئے نیا محکمہ قائم کیا جارہا ہے دور درارز علاقوں میں گاؤں کی ضروریات کو پورا کرنے کے لئے چھوٹے ڈیم بنائے جارہے ہیں اس کے ساتھ ساتھ کئی مقامات پر ٹیوب ویل کے ذریعے پانی کی فراہمی کا انتظام کیا جارہا ہے انہوں نے کہا کہ ایگری بزنس کے تحت دستیاب وسائل کو فوری طور پر استعمال میں لایا جائے اور اس شعبہ سے متعلق مزید منصوبہ بندی جلد از جلد مکمل کرکے ان پر عمل درآمد شروع کردیا جائے۔

متعلقہ عنوان :