بجٹ متوازن نہیں‘ غیر ترقیاتی بجٹ کیلئے 17 ارب روپے رقم کرپشن کی نذر ہوسکتی ہے۔ سردار سکندر حیات

جمعہ 29 جون 2007 12:11

نکیال (اردوپوائنٹ تازہ ترین اخبار29 جون 2007) سابق وزیراعظم آزاد کشمیر سردار سکندر حیات خان نے کہا ہے کہ آزاد کشمیر کا حالیہ بجٹ غیر متوازی ہے غیر ترقیاتی بجٹ کے لئے 17 ارب روپے کی خطیر رقم کرپشن کی نذر ہونے کا اندیشہ ہے ترقیاتی بجٹ کے لئے زیادہ رقم مختص کرنا چاہئے تھی عوام کو ریلیف نہیں دیا گیا انتخابی سیاست سے ریٹائر ہوا ہوں عملی سیاست سے نہیں اپنے ہوائی اعلانات کے لئے بجٹ میں رقم نہ رکھنا حکومت کے لئے مشکلات پیدا کرسکتا ہے سابقہ غیر ترقیاتی بجٹ کی رقم پانچ ارب ہونے کے باوجود خرچ نہیں ہوسکی کشمیر کونسل کے چار ارب حاصل نہ کرسکنا کمزور حکومت کی نشانی ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ آزاد کشمیر کی حکومت کا حالیہ بجٹ غیر متوازی ہے جس میں غیر ترقیاتی مد کیلئے مختص کی گئی رقم زیادہ اور ترقیاتی مد میں کم رکھی گئی ہے انہوں نے کہا کہ سابقہ بجٹ میں غیر ترقیاتی کاموں کیلئے پانچ ارب کی رقم رکھی گئی تھی مگر وہ بھی خرچ نہ ہوسکی اب موجودہ حکومت نے غیر ترقیاتی بجٹ کیلئے سترہ ارب روپے کی خطیر رقم مختص کردی ہے جو خوش آئند ہے یہ رقم کرپشن کی نذر ہونے کا اندیشہ ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ترقیاتی بجٹ کیلئے زیادہ رقم رکھی جانی چاہئے تھی جس سے عوام کو سہولیات کی فراہمی یقینی بنائی جاتی انہوں نے کہا کہ حکومت کشمیر کونسل کے چالیس ارب اور رائلٹی حاصل نہ کرسکی جو اس کے کمزور ہونے کی نشانی ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت ہوائی اعلانات کے بجائے عملی اقدامات پر زیادہ توجہ دے سردار سکندر حیات نے کہا کہ میں انتخابی سیاست سے ریٹائر ہوا ہوں عملی سیاست سے نہیں اور جہاں غلطی دیکھوں گا وہاں خاموش تماشائی نہیں بنوں گا انہوں نے کہا کہ مظفر آباد تا میرپور ریلوے ٹریک بنانے کے حکومتی اعلانات ایسے خواب ہیں جن کی تعبیر آئندہ صدی میں بھی شاید ممکن نہ ہو انہوں نے کہا کہ فتح پور تھکیالہ میں میرے دورحکومت میں گریٹر واٹر سپلائی سکیم کے لئے مہیا کئے گئے پائپ سڑک پر پڑے ہیں انہیں ابھی تک نصب نہیں کروایا جاسکا حالانکہ اس کام کے لئے میں الگ فنڈز مختص کرکے آیا تھا انہوں نے کہا کہ فتح پور تھکیالہ میں گرڈ سٹیشن کی تنصیب کا کام بھی سست روی کا شکار ہے انہوں نے کہا کہ نوورک نومسٹیک کے فارمولے کو ترک کرنا پڑے گا تاکہ مسلم کانفرنس کے تعمیر و ترقی کے ویژن کو نقصان نہ پہنچے اس موقع پر غازی کشمیر پریس کلب کے اراکین اور صدر پریس کلب عبدالقیوم طاہر کبیر احمد ساقی محمد رمضان سید قمر ابرار و دیگر بھی موجود تھے۔