فوج نہیں آئین پر شب خون مارنے والے جرنیلی کلب کیخلاف ہیں ۔ چوہدری عبدالمجید۔۔ایرا اور سیرا سے تعمیر نو اور بحالی کے تمام کام واپس لیکر آزاد حکومت کے حوالے کئے جائیں‘ بجٹ اجلاس سے خطاب

جمعہ 29 جون 2007 13:51

مظفر آباد (اردوپوائنٹ تازہ ترین اخبار29 جون 2007) پاکستان پیپلز پارٹی آزاد کشمیر کے صدر چوہدری عبدالمجید نے کہا ہے کہ ہم پاکستانی ہیں اور قائد کے پاکستان کے وارث ہیں سیلف گورننس تحریک حریت کے خلاف گھناؤنی سازش ہے سردار عبدالقیوم خان تحریک کے خلاف سلطانی گواہ بن چکے ہیں این جی اوز اور حکومت پاکستان کو ملنے والی بین الاقوامی امداد کا مکمل حساب قانون ساز اسمبلی میں پیش کیا جائے پاکستانی حکمران بھارت کے سامنے جھک چکے ہیں محترمہ بے نظیر بھٹو اور نواز شریف کو وطن واپس لایا جائے۔

جمعہ کے روز قانون ساز اسمبلی میں بجٹ اجلاس کے دوران خطاب کے دوران انہوں نے کہا کہ وادی نیلم‘ چھمب اور دیگر محاذوں پر موجود ہر فوجی کو ہم سلام پیش کرتے ہیں پاکستانی فوج ہمارا باعث فخر سرمایہ ہے جسے پاکستان پیپلز پارٹی کی چیئرپرسن بے نظیر بھٹو نے تمغہ جمہوریت بھی دیا اور ہمارے شہید قائد ذوالفقار علی بھٹو نوے ہزار فوجی قیدی دشمن کی قید سے چھڑا کر لائے ہم افواج پاکستان کے حامی ہیں مگر جرنیلوں کے اس کلب کے خلاف ہیں جس نے آئین پر شب خون مارا منتخب وزیراعظم کو پھانسی کے پھندے پر چڑھایا اور ایک وزیراعظم کو ملک بدر کردیا جو اداروں کو غیر مستحکم کرکے شخصی اقتدار کی راہیں ہموار کرتے ہیں ایسے جرنیلوں کے خلاف ہیں جنہوں نے قائد اعظم کے پاکستان کو دو لخت کیا انہوں نے کہا کہ پاکستان کے فوجی حکمران نے بھارت کی بالادستی قبول کرلی ہے جنرل مشرف کی تجاویز تقسیم کشمیر کی سازش ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ آزاد جموں وکشمیر قانون ساز اسمبلی میں تمام فنڈز کا حساب کتاب پیش کیا جائے انہوں نے کہا کہ این جی اوز نے غیرت کا جنازہ نکال دیا ہے عصمتیں لٹ رہی ہیں خودکشی کا مقام ہے مگر حکومت نوٹس نہیں لے رہی انہوں نے کہا کہ ایرا سیرا سے تمام انتظام و انصرام لیکر آزاد حکومت کے حوالے کیا جائے انہوں نے کہا کہ کشمیر پر ہمارا موقف بالکل واضح ہے ہم اقوام متحدہ کی قراردادوں پر عمل درآمد چاہتے ہیں ہم تقسیم کشمیر کے خلاف ہیں وزیر امور کشمیر گلگت بلتستان کو پاکستان کا حصہ کہتے ہیں تو وزیراعظم ان کی تائید کرتے ہیں اور ایسا صرف ایک آمر کو خوش کرنے کے لئے کیا جارہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ سردار عبدالقیوم خان تحریک حریت کے خلاف سلطانی گواہ بنے ہیں یورپ امریکہ پوری دنیا کہہ رہی ہے کہ آزاد کشمیر میں مجاہدین کے کیمپ نہیں مگر سردار عبدالقیوم خان نے بھارت کے حق میں گواہی دی وزیراعظم سردار عتیق مسلمانوں کے ازلی دشمن اسرائیل کو تسلیم کرنے کا کہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ واپڈا سفید ہاتھی ہے یہ کشمیریوں میں پاکستان کے خلاف نفرت پھیلا رہا ہے ہم قائد اعظم کے پاکستان کے وارث ہیں مگر اپنے حقوق لیکر رہیں گے اگر اہلیان میرپور کو مارکیٹ ریٹ کے مطابق اکاموڈیٹ نہ کیا گیا تو ہم سڑکوں پر آئیں گے اور 81کی تاریخ دھرائی جائے گی انہوں نے کہا کہ وزیراعظم ماسٹر پلان کی فائل پر دستخط کریں لوگ پریشان ہیں مظفر آباد میں میڈیکل کالج بنانے اور دارالحکومت کی منتقلی کا اعلان واپس لیا جائے انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت نے آزاد کشمیر کے لوگوں کا حق حکمرانی چھینا ہے گزشتہ انتخابات میں بدترین دھاندلی کی گئی جسے چیف الیکشن کمشنر نے بھی تسلیم کیا ہے انہوں نے کہا کہ ذوالفقار علی بھٹو امت مسلمہ کے سب سے بڑا رہنما تھے۔

متعلقہ عنوان :