مسلمان جہاد کیلئے ایک ہوجائیں‘ کرپٹ مسلم حکومتوں کے خاتمے کی تحریک شروع کریں۔ الظواہری۔۔ عراقی عوام کی اکثریت مجاہدین کیساتھ ہے‘ اللہ کے فضل سے واشنگٹن کے مخالف سمت میں ہوا چل پڑی ہے،افغانستان اور صومالیہ میں بھی جلد کامیابیاں ملیں گی‘ القاعدہ رہنما کی ویڈیو ٹیپ‘ سعودی ‘ فلسطینی اور مصری حکومتوں پر شدید تنقید۔(تفصیلی خبر)

جمعرات 5 جولائی 2007 13:25

مسلمان جہاد کیلئے ایک ہوجائیں‘ کرپٹ مسلم حکومتوں کے خاتمے کی تحریک ..
نیویارک (اردوپوائنٹ تازہ ترین اخبار05 جولائی 2007) القاعدہ کے دوسرے رہنما ایمن الظواہری نے مسلمانوں سے اپیل کی ہے کہ وہ جہاد کے لئے ایک ہو جائیں اور مسلمان ممالک میں کرپٹ حکومتوں کے خاتمے کے لئے جدوجہد شروع کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔ غیرملکی خبررساں ادارے نے امریکی انٹیلی جنس گروپ کے حوالے سے بتایا ہے کہ القاعدہ کے رہنما ایمن الظواہری نے ایک نئی ویڈیو ٹیپ جاری کی ہے جو ایک گھنٹے اور پینتیس منٹ پر مشتمل ہے۔

ویڈیو میں ایمن الظواہری کو سفید لباس میں ملبوس عراق‘ سعودی عرب‘ فلسطین اور مصر کے خطے کے موضوعات پر بات کرتے ہوئے دکھایا گیا ہے۔ انٹیلی جنس گروپ کے مطابق انہوں نے ٹیپ عسکریت پسندوں کی ویب سے جاری ہونے سے قبل حاصل کر لیا ہے۔ تاہم ابھی تک ٹیپ کی تصدیق نہیں ہو سکی ہے۔

(جاری ہے)

ویڈیو ٹیپ میں ایمن الظواہری نے مسلمانوں سے کہا ہے کہ وہ عراق اور دیگر محکوم مسلم ممالک میں غیرملکی طاقتوں کے خلاف جہاد کے لئے ایک ہو جائیں جبکہ کرپٹ اسلامی حکومتوں کے خاتمے کے لئے جدوجہد شروع کی جائے۔

ایمن الظواہری نے ویڈیو ٹیپ میں سعودی شاہی خاندان کو کرپٹ قرار دیا جبکہ فلسطینی اور مصری حکومتوں پر بھی تنقید کی۔ ایمن الظواہری نے امریکی فوج کے اس دعوے کی تردید کی کہ عراقی عوام کی اکثریت مجاہدین کے خلاف ہے۔ انہوں نے کہا کہ عراقی عوام غیرملکی افواج سے چھٹکارا چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اللہ کے فضل سے اس وقت ایک ایسی ہوا چل پڑی ہے جو واشنگٹن کے مخالف سمت میں ہے۔

ویڈیو پیغام میں الظواہری نے عراق میں غیرملکی افواج کے خلاف برسرپیکار مزاحمتی گروپوں کے اتحاد پر زور دیا اور کہا کہ وہ فتح کی جانب آہستہ آہستہ آگے بڑھتے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ دنیا بھر کے تمام مسلمان غیرملکی افواج کے خلاف برسرپیکار عراقی لوگوں کی مدد کریں۔ اپنے پیغام میں الظواہری نے افغانستان اور صومالیہ میں بھی غیرملکی افواج کے خلاف لڑائی کا ذکر کرتے ہوئے مستقبل قریب میں اہم کامیابیاں ملنے کی امید کا اظہار کیا ہے۔