پاکستان میں آمریت کے دن گنے جا چکے ہیں ۔ چوہدری یاسین

جمعرات 6 ستمبر 2007 15:09

مظفر آباد ( ٍٍاردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین06ستمبر2007) پاکستان پیپلز پارٹی آزاد کشمیر کے سینئر نائب صدر چوہدری محمد یاسین نے کہا ہے کہ پاکستان میں آمریت کے دن گنے جا چکے ہیں‘ عوامی راج کا سورج طلوع ہونے والا ہے ‘ ملکی استحکام اور فلاح جمہوریت کی بحالی میں مضمر ہے ‘ چوہدری لطیف اکبر کا احتجاج درست ہے ‘ پیپلز پارٹی ان کی پشت پر ہے ۔ وہ گزشتہ روز لندن سے پیپلز سیکرٹریٹ میں ٹیلی فونک خطاب کر رہے تھے۔

چوہدری محمد یاسین نے کہا کہ پاکستان سنگین خطرات سے دوچار ہے ملک کو عدم استحکام سے دوچار کرنے میں آمریت کا کلیدی کردار ہے ۔ ملک میں بدامنی ‘ افراتفری کا دور دورہ ہے اور حالات سنبھل نہیں رہے۔ معاشی اقتصادی صورت حال بھی دگرگوں ہے ان سب مسائل کا واحد سبب آمریت ہے جسے پاکستانی عوام نے ختم کرنے کا تہیہ کر لیا ہے۔

(جاری ہے)

پاکستان میں جمہوریت کی بحالی محض ہفتوں کی بات ہے ۔

محترمہ بے نظیر بھٹو وطن واپس آ کر ملک کو ٹریک پر چڑھا دیں گی اور عوامی راج کا سورج طلوع ہو گا۔ انہوں نے کہاکہ مظفر آباد کے ساتھ معاندانہ سلوک کا خاتمہ ہونا چاہیے۔ مظفر آباد کے لوگوں کو بے چینی اور افراتفری میں مبتلا کرنے کی بجائے بحالی و آباد کار پر توجہ مرکوز کرنی چاہیے۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان پیپلز پارٹی چوہدری لطیف اکبر کے بھوک ہڑتال جیسے انتہائی اقدام کی حمایت کرتی ہے اور اگر ان کے مطالبات پورے نہ ہوئے تو آزاد کشمیر بھر میں احتجاج کا دائرہ کار وسیع کردیا جائے گا۔

متعلقہ عنوان :